صوابی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ، عمران خان نے مقتدر حلقوں کو پیغام دیدیا

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے ایف آئی اے پر ایک قاتل کو بٹھا دیا گیا شہباز شریف کے خلاف کیس بنانے والا ایک افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے انتقال کرگیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اس ملک کی ایف آئی اے کے ساتھ وہی ہونے جارہا ہے جو ایم کیو ایم نے اپنے خلاف آپریشن کرنے والے سندھ پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ کیا تھا، ایم کیو ایم کے خلاف کارروائیاں کرنے والے پولیس اہلکاروں کو ایم کیو ایم والوں نے چن چن کر مارا تھا۔

صوابی میں  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف آپریشن کرنے والے پولیس اہلکاروں کو چن چن کر مارا گیا جس کی وجہ سے آج تک سندھ پولیس اپنے پاؤں پر کھڑی نہ ہوسکی ، سندھ میں حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے رینجرز کوبلانا پڑا ۔ اب ایف آئی اے کے ساتھ بھی وہی کچھ ہونے جارہا ہے ، ہماری آنکھوں کے سامنے ایف آئی اے تباہ ہورہی ہے۔ کیونکہ ایف آئی اے پر ایک قاتل کو بٹھا دیا گیا ہے ، ایف آئی اے کا ایک افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے انتقال کرگیا ۔

یہ بھی پڑھیے

ایم کیو ایم پاکستان نے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کردیا

سیالکوٹ میں عمران خان کے دو موبائل فونز چوری ہو گئے، شہباز گل کا انکشاف

عمران خان کا کہنا تھا ایف آئی اے والوں نے شہباز شریف کے خلاف بڑی مشکل سے کیس بنائے تھے ۔ آج کی کابینہ کے 60 فیصد لوگ ضمانتوں پر ہیں ، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب پر 24 ارب کی کرپشن کے کیسز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکی جنگ میں 80 ہزار قربانیاں دیں لیکن امریکا نے پاکستان کا شکریہ تک ادا نہیں کیا، تھری اسٹوجز نے دس سال حکومت کی تو پاکستان پر 400 ڈرون حملے ہوئے۔ کیونکہ یہ لوگ امریکہ سے ڈرتے تھے ، اس لیے ڈرون حملے ہوتے تھے، قوم پہلے اخلاقی طور پر مرتی ہے معاشی موت تو بعد میں ہوتی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا سابق حکمرانوں کی جرات نہیں تھی کہ امریکا سے کہتے کہ اپنے ملک کے دہشت گردوں پر ڈرون حملے کریں، باجوڑ ڈرون حملے میں مدرسے کے 64 بچے مارے گئے دنیا کا کوئی قانون ایسے حملوں کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ  امریکا کو معلوم تھا کہ عمران خان اڈے دے گا اور نہ ان کی جنگ میں شرکت کرے گا، دو خاندانوں کو اندرونی اور بیرونی سازش سے مسلط کیا گیاہے، یہ ان کے غلام ہیں، بھٹو اور شریف خاندانوں 30 سال سے حکمرانی کررہے ہیں، شہباز شریف کہتا ہے ہم بھکاری ہیں اس لیے غلام ہیں۔ یہ لوگ پیسے کے پجاری ہیں۔

متعلقہ تحاریر