31 دسمبر تک پرانے ڈیزائن کے نوٹ تبدیل کروائے جاسکتے ہیں، اسٹیٹ بینک

پرانے ڈیزائن کے نوٹ بند کرنے سے قبل یکم دسمبر 2016 کی تاریخ دی گئی تھی، حکومت کی طرف سے دوبارہ پرانے نوٹ تبدیل کرنیکی تاریخ جاری کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پرانے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ کو تبدیل کرنے کی آخری تاریخ ایک سال بڑھا دی گئی ہے۔

پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹ 31 دسمبر 2022 تک اسٹیٹ بینک کے کاؤنٹرز سے تبدیل کروائے جا سکتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے اپنے بیان میں کہا کہ نئے نوٹوں کی سیریز 2005 سے 2008 تک جاری کی گئی تھی اور پرانے ڈیزائن کے نوٹ آہستہ آہستہ بند ہو گئے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے 10، 50، 100 اور 1000 کے پرانے نوٹوں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یکم دسمبر 2016 سے پرانے ڈیزائن کے نوٹ تبدیل کیے جاچکے ہیں لیکن اب حکومت نے ایک دفعہ پھر پرانے ڈیزائن کے نوٹ تبدیل کرنے کی نئی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔

31 دسمبر 2022 تک 10، 50، 100 اور 1000 کے پرانے ڈیئزائن والے کرنسی نوٹ اسٹیٹ بینک کی سروسز کارپوریشن برانچز سے تبدیل کروائے جا سکیں گے۔

یہ سہولت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، مظفرآباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اسٹیٹ بینک کی سروسز برانچز پر دستیاب ہے۔

متعلقہ تحاریر