کراچی کے علاقے کھارادر میں دھماکا، ایک خاتون جاں بحق، 12 زخمی اسپتال منتقل

ایم اے جناح روڈ پر نیو میمن مسجد کے قریب اقبال گودام میں دھماکا ہوا، دھماکے کے بعد آگ لگی جس پر فائر بریگیڈ نے قابو پالیا۔

کراچی کے علاقے کھارادر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 12  سے زیادہ افراد زخمی  ہوگئے، پولیس حکام کے مطابق دھماکہ ایم اے جناح روڈ پر قائم نیو میمن مسجد کے قریب گودام میں ہوا جس کے بعد گودام میں آگ لگ گئی۔

دھماکے کے فٓوری بعد پولیس رینجرز اور ریسکبیو حکام کی ٹیمیں جائےحادثہ پر پہنچ گئیں ، جنہوں نے زخمی افراد کو ٹراما سینٹر اسپتال میں منتقل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

31 دسمبر تک پرانے ڈیزائن کے نوٹ تبدیل کروائے جاسکتے ہیں، اسٹیٹ بینک

دھماکا اقبال مارکیٹ میں ہوا ہے، اطلاعات کے مطابق پولیس موبائل کو بھی دھماکے کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے میں کئی موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ، جائے وقوعہ پر رش لگنے سے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دھماکا گودام میں ہوا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے۔

میمن مسجد کے قریب بم دھماکے میں جاں  بحق خاتون کی پہچان ثانیہ کے نام سے ہوئی ہے، خاتون کی عمر 30 برس تھی۔

زخمیوں میں احسن ولد محمد مشتاق عمر 20 سال، ارشاد ولد ایم موہین عمر 35 سال، یونس ولد ایم فیض عمر 30 سال، حارث ولد خالد عمر 8 سال، اے ایس آئی  بدرالدین، اشفاق ولد حبیب عمر 30 سال، ایم حبیب ولد احمد علی عمر 60 سال، سکندر ولد غوث محمد عمر 25 سال، فراز ولد شعیب عمر 25 سال، عبداللہ ولد جان محمد، ایوب ولد ایم حبیب عمر 40 سال شامل ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے ڈاکٹروں کے مطابق چار زخمیوں کی حالت نازک ہے جبکہ تین زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کھارادر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی ایم اے جناح روڈ بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے، وزیراعظم نے جاں بحق خاتون کے اہل خانہ اور 11 زخمی افراد سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے تمام صوبے امن وامان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی انتظامات میں بہتری لائیں۔

12 مئی کو بھی صدر کی ایک سڑک پر دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ کوسٹ گارڈز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

متعلقہ تحاریر