امریکا سمیت تمام ممالک کیساتھ خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں، سراج الدین حقانی

افغانستان کے وزیر داخلہ کا سی این این پر خصوصی انٹرویو، کہا کہ امریکا کے رویے کی وجہ سے افغان شہریوں کو تحفظات ہیں۔

افغانستان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے امریکی ٹی وی چینل سی این این کی مشہور اینکرپرسن کرسٹین امان پور کو انٹرویو دیا ہے۔ امریکی حکومت نے سراج الدین حقانی کی گرفتاری پر 10 ملین ڈالر انعام کا اعلان کر رکھا ہے۔

لیکن سراج الدین حقانی نے انٹرویو میں کہا کہ ہم امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان دوحہ معاہدے پر عمل کرنے کا وعدہ کرچکے ہیں اور اس پر قائم رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور عالمی برادری کے ساتھ مروجہ قوانین اور اصولوں کے تحت تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔

افغان وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکا کے رویے کی وجہ سے افغان شہریوں کو ان کے ارادوں کے حوالے سے تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے ہمارے ساتھ شدید جنگ لڑی ہے اور اپنے ملک کے دفاع میں ہمیں بھی جنگ کرنا پڑی لیکن حکومت بنانے اور معاہدہ کرنے سے ہم نے مثبت پیغام دیا ہے۔

طالبان رہنما سراج الدین حقانی نے کہا کہ ہمیں اندرونی طرات کا سامنا ہے لیکن ہم دنیا کو یقین دلاتے ہیں کہ افغان سرزمین کسی کیلیے خطرہ نہیں بنے گی۔

لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کے خلاف نہیں ہیں، پرائمری اسکولوں میں لڑکیاں پڑھنے جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرائمری سے اوپر کے گریڈ میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ایک طریقہ کار وضع کر رہے ہیں، اس سلسلے میں آپ کو جلد ہی خوشخبری ملے گی۔

افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے مزید کہا کہ افغانستان میں حجاب کا مسئلہ موجود ہے، ہم چاہتے ہیں کہ خواتین کی تعلیم افغان سوچ اور ثقافت کے مطابق ہو۔

متعلقہ تحاریر