ملک میں صرف ایک دن کا پیٹرول بچا ہے، سری لنکن وزیراعظم
سری لنکا کے نئے وزیراعظم نے کہا کہ 75 ملین ڈالر کی فوری ضرورت ہے، بھارت سے پیٹرول اور ڈیزل کی چار بحری کارگو روانہ۔
سری لنکا کے نئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک میں صرف ایک دن کا پیٹرول بچا ہے، رانیل وکریمے سنگھے نے پچھلے ہفتے جمعرات کو وزیراعظم کا منصب سنبھالا ہے۔
انہوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو زرمبادلہ کے ذخائر میں 75 ملین ڈالر کی فوری ضرورت ہے تاکہ ضرورت برآمدات کی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس پیٹرول کا صرف ایک دن کا ذخیرہ باقی بچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے دو مہینے ہماری زندگیوں کے مشکل ترین دن ہوں گے۔
ہمیں خود کو قربانیوں کے لیے اور اس وقت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے ادھار پر حاصل کیے گئے پیٹرول اور ڈیزل کی دو دو بحری کارگو اگلے چند دنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے کافی ہوں گی۔
لیکن ملک میں 14 اہم ترین ادویات کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ صدر گوٹابایا راجاپاکسے اور ان کے خاندان کے خلاف ہونے والے مظاہروں سے شروع ہونے والے بحران کے بعد صدر نے اپنے بڑے بھائی مہندا سے استعفیٰ لے لیا تھا۔
یہ استعفیٰ ایسے وقت میں لیا گیا جب حالات نہایت کشیدہ ہوگئے اور حکومت کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 9 افراد ہلاک جبکہ 300 زخمی ہوئے۔
صدر راجاپاکسے نے وکریمے سنگھے کو وزیراعظم مقرر کیا جو کہ اپوزیشن کے رکن ہیں اور انہوں نے یہ عہدہ پہلے بھی 5 مرتبہ سنبھال رکھا ہے۔