شکر ہے عدلیہ نے ووٹ بیچنے والوں کو رد کر دیا، عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کوہاٹ میں جلسے سے خطاب، کہا کہ امپورٹڈ حکومت خوفزدہ ہے، آصف زرداری کے مزے لگے ہوئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت خوف میں مبتلا ہے، کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کوہاٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ منحرف اراکین کے معاملے پر سپریم کورٹ نے آج جو فیصلہ دیا اس نے ہماری اخلاقیات کو گرنے سے بچا لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شکر ہے کہ ووٹ بیچنے والوں کے ووٹ کو سپریم کورٹ نے رد کر دیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کا شوق تھا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، یہ حکومت خوفزدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں سے یہ لوگ امپورٹ ہوئے ہیں وہاں سے حکم آیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھاؤ۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بےچارہ جوتے پالش کر کے یہاں پہنچا ہے لیکن سب سے زیادہ مزے آصف زرداری کے لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ن لیگ پر بھاری پڑ گیا ہے، ان تینوں نے زور دے کر ہماری حکومت کو ختم کیا لیکن اب گالیاں صرف شہباز شریف کو پڑ رہی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ میں امریکیوں کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں، وہ کبھی بھی مفت میں ڈالر نہیں دیں گے، ڈالر دیں گے تو غلامی بھی کروائیں گے۔