سندھ میں 23 سے 28 مئی تک انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عزرا پیچوہو کا کہنا ہے مہم کے دوران 10 ملیں بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
خیبر پختون خوا میں پولیو کے تین نئے کیسز سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں 23 سے 28 مئی تک نئی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کا اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں خیبرپختونخوا میں پولیو کے 3 کیس رپورٹ ہونے پر صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
عذرا پیچوہو ناکام وزیر، محکمہ سنبھالا نہیں جارہا، ڈاکٹرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی
پاکستانی ڈاکٹرز کا کارنامہ، بچے کے کٹے ہوئے دونوں ہاتھ جوڑ دیئے
اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کا کہنا تھا کہ ہائی رسک یوسیز میں پولیو مہم موثر انداز میں شروع کی جائے۔ پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا تمام ڈپٹی کمشنر پولیس مہم کی نگرانی کریں اور روانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کروائیں۔
ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر تمام صوبائی وزراء مختلف اضلاع میں پولیو مہم کا افتتاح کریں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عزرا پیچوہو کا کہنا تھا مہم کے دوران 10 ملیں بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ سندھ میں 2 سال سے پولیو کا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا پولیو مہم میں 75 ہزار سے زائد ویکسینیٹر اور سپروائیز حصہ لیں گے۔
صوبائی کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال خیبرپختونخوا میں پولیو کے 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں 2022 میں پولیو وائرس کے 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
فیاض عباسی کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا تھا گزشتہ سال صوبے کے داخلے راستوں پر 40 جگہوں پر پولیو کے قطرے پلانے کے کیمپ لگائے گئے۔ صوبے میں داخل ہونے والے 46515 بسوں میں 1 لاکھ 67 ہزار 328 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں۔
اجلاس میں آگاہی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی کے ہائے رسک یوسیز کی میپنگ کر لی گئی ہے۔ اجلاس میں سندھ پولیس کو پولیو ورکرز کے سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہداہت گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انکار کرنے والے والدین اور پرائیوٹ اسکولوں کو بھی بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلانے پر آمادہ کیا جائے۔
یونیسیف کے گلوبل ڈائریکٹر لوویرر اسٹیون جین نے حکومت سندھ کی پولیو کے خلاف حکمت عملی کو سراہا۔
اجلاس میں سیکریٹری داخلہ ، سیکریٹری صحت، سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر فیاض عباسی، پی پی ایچ آئی اور یونیسیف، روٹری انٹرنیشنل کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔