اینٹی کرپشن پنجاب نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا
شیریں مزاری کو زمین کے تنازع کے مقدمے میں گرفتار کیاگیا، کراچی میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان پر بغاوت کا مقدمہ درج، بنی گالہ میں رات گئے پولیس کا سرچ آپریشن
اینٹی کرپشن پنجاب نے تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کواسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے
لانگ مارچ 25 سے 29 مئی کے درمیان ہوگا، عمران خان کا بڑا اعلان
ایسی حکومت سے بہتر ہے عوام کی عدالت میں چلے جائیں، مریم نواز
اسلام آباد پولیس نے شیریں مزاری کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے گرفتار کیا ہےا ور انہیں تھانہ کوہسار منتقل کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شیریں مزاری کو 72-1971 اور 1974 میں ڈیرہ غازی خان میں زمین کے تنازع پر درج کردہ مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم کے پاس شیریں مزاری پر درج ایف آئی آر کی کاپی اور وارنٹ گرفتاری بھی موجود تھے۔
Male police officers have beaten and taken my mother away. All I have been told is that Anti Corruption Wing Lahore has taken her.
— Imaan Zainab Mazari-Hazir (@ImaanZHazir) May 21, 2022
شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان زینب مزاری نے اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ مرد پولیس اہلکار میری ماں کو تشدد کا نشانہ بناکر لے گئے ہیں، مجھے صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ونگ لاہور انہیں لے گیا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ @ShireenMazari1 کو ان کے اسلام آباد گھر کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 21, 2022
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اطلاعات ہیں کہ شیریں مزاری کو ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کیاگیا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما افتخار درانی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کوان کے گھر کے باہر سے اٹھالیا گیا ہے، تمام کارکنان تھانہ کوہسار پہنچیں۔
Dr @ShireenMazari1 has been picked up outside from her house a while ago, everyone must reach Police Station Kohsaaar!
— Iftikhar Durrani (@DuraniIftikhar) May 21, 2022
دوسری جانب کراچی پولیس نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کے خلاف مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی پر عالمگیر خان کے خلاف مقدمہ درج
بے شک عالمگیر کا عمل قابل گرفت تھا
مگر روایت اور تاریخ یہ کہ ایسے معاملات میں کارکن اور عہدیداروں کے ساتھ پارٹی سربراہ کو بھی نامزد کیا جاتا ہے عالمگیر کے معاملے میں ایسا نہیں ہوا pic.twitter.com/SE9FJ4gQ77— Syed Faisal Hussain (@sfaisal_hussain) May 21, 2022
پولیس کے مطابق عالمگیر خان کے خلاف ایس ایچ او گلشن اقبال اشرف جوگی کی مدعیت میں درج مقدمے میں وال چاکنگ اور بغاوت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں پی ٹی آئی کے ایم این اے عالمگیر خان اور 5 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر عالمگیر خان کی وال چاکنگ کی کچھ ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جبکہ رات گئے پولیس نے عالمگیر خان کے گھر پر چھاپہ بھی مارا تھا۔
قبل ازیں گزشتہ رات اسلام آباد پولیس کی جانب سے بنی گالہ کے اطراف سرچ آپریشن کیا گیا ۔ اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ بنی گالہ کے اطراف معمول کا سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جس میں آنے جانے والوں کی تلاشی کی گئی۔
دوسری جانب بنی گالہ میں پولیس کی بھاری نفری کی آمد کے موقع پر عمران خان کی رہائش گاہ پر موجود کارکنان نے ڈنڈے اٹھا لیے جبکہ اس کے ساتھ ہی کارکنان نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔