پنجاب اسمبلی اجلاس میں شوہر کی غیرحاضری، عظمیٰ بخاری پر غداری کا الزام

سینئر لیگی رہنما عطاء اللہ نے کہا ہے کہ عظمیٰ اور سمیع ہمارے صف اول کے ساتھی ہیں اس لیے قیاس آرائیوں اور الزام تراشیوں سے پرہیز کیا جائے۔

ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے سمیع اللہ خان کو غدار کہنے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما عظمیٰ بخاری اپنے شوہر کے دفاع میں سامنے آگئی ہیں۔

گذشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر پینل آف چیئرمین میاں شفیع نے تحریک کے محرک سمیع اللہ خان کا نام بار بار پکارا ، تاہم ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے تحریک عدم اعتماد مسترد کر دی گئی۔

سمیع اللہ خان کی اسمبلی میں عدم موجودگی پر صباء چوہدری نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ ” غدار ایم پی اے سمیع اللہ خان غائب ہوگئے تھے یہ عظمیٰ بخاری کے شوہر ہیں اور پارٹی کی طرف سے اپنی بیگم کو نظرانداز کرنے پر ناراض تھے۔”

ٹوئٹر صارف کو جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے لکھا ہے کہ ” بہت افسوس ہے ، یہی سننا باقی رہ گیا تھا ، حکومت میں آنے کے بعد، پارٹی نے جب ہاؤس میں جانے کو کہا ہم گئے، یہ کیوں ہوا میں نے بھی یہ سوال آج پارٹی سے پوچھے، لگتا ہے ساڑھے نو سال ضائع ہی کر دیئے، جو یہ فیصلے کر رہے تھے ان سے پوچھیں، دل ٹوٹ گیا آج ، پرویز الہی کے 4 سال انہی دو غداروں نے بھگتے تھے۔

ایک اور ٹویٹ میں تحریک عدم اعتماد کی کاپی شیئر کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے مزید لکھا ہے کہ "یہ سب بھی محرک تھے،ان سب کو بھی غدار ڈیکلئر کرنا ہے یا یہ تمغہ صرف ہم دونوں کے لئے ہے؟؟؟؟۔”

تاہم اس سارے معاملے کو رفع دفع کرانے کے لیے سینئر لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عظمیٰ بخاری اور سمیع اللہ خان پارٹی کا اثاثہ ہیں ، پارٹی کے لیے ان کی خدمات گراں قدر ہیں ، یہ ہمارے صف اول کے ساتھی ہیں اس لیے قیاس آرائیوں اور الزام تراشیوں سے پرہیز کیا جائے۔ اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس کے ذمہ دار صرف اور صرف پرویز الٰہی ہیں جنہوں نے کارروائی کو بل ڈوز کیا۔

متعلقہ تحاریر