امریکا کے اسکول میں فائرنگ،19طلبہ سمیت21افرادہلاک
واقعہ جنوبی ٹیکساس میں میکسیکو کی سرحد کے قریب پیش آیا،حملہ آور ہلاک،امریکی صدر گن لابی کیخلاف پھٹ پڑے،وائٹ ہاؤس کا امریکی پرچم سرنگوں کرنے کاحکم
امریکی ریاست ٹیکساس کے ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ سے کم ازکم 19 طلبہ اور 2 اساتدہ سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے۔
واقعہ جنوبی ٹیکساس کے شہر اوولڈ ے میں پیش آیا۔امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 18 سالہ حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی گن لابی کی مذمت کرتے ہوئے ملک میں ماس شوٹنگ کے سلسلے کو ختم کرنے کے عزم کااظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
صہیونی فوج کی فائرنگ سے خاتون فلسطینی صحافی ہلاک
کابل یونی ورسٹی میں کتب میلے پر فائرنگ 8 طلباء زحمی
میکسیکو کی سرحد سے تقریباً ایک گھنٹے کے فاصلے پر پیش آنے والا واقعہ حالیہ برسوں میں امریکی اسکول میں فائرنگ کا سب سے خوفناک اور خونی واقعہ ہے۔
ٹیکساس ڈپارٹمنٹ آف پبلک سیفٹی کے اہلکاروں نےامریکی نشریاتی اداروں کو بتایا کہ مسلح شخص نے دوپہر کے قریب روب ایلیمنٹری اسکول جانے سے پہلے اپنی دادی کو گولی ماری ، اس کے بعد اسکول کے باہر گاڑی چھوڑ کر ایک ہینڈ گن اور رائفل سے مسلح ہوکر اندر داخل ہوگیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں یہ پوچھنا ہے کہ خدا کے نام پر ہم کب گن لابی کے سامنے کھڑے ہوں گے؟ اب وقت آگیا ہے کہ اس درد کو ملک کےتمام والدین اور تمام شہریوں کیلیے عمل میں بدل دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان لوگوں کے لیے سوچنے کا وقت ہے جواسلحے سے متعلق عام فہم قوانین میں رکاوٹ ڈالتے ہیں یا اس میں تاخیر کرتے ہیں یا انہیں روکتے ہیں ،ہمیں آپ کو بتانے کی ضرورت ہے کہ ہم بھولیں گے نہیں ۔
وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے واقعے کے سوگ میں امریکی پرچم سرنگوں کرنے کا حکم دیدیا۔واضح رہے کہ 2012میں کنیکٹی کٹ میں سینڈی ہک شوٹنگ کے بعدیہ سب سے زیادہ مہلک واقعہ ہے جس میں 20 طلبہ اور عملے کے 6 ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔