آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ جیتے 13 سال بیت گئے، پی سی بی کا ٹیم کو خراج تحسین

پاکستان نے 21 جون 2009  کو  سری لنکا کو شکست دیکر  پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا

پاکستان کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ جیتے آج 13 سال مکمل ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2009 میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو  خراج تحسین پیش کیا ہے۔

آج کے دن یعنی21 جون 2009 میں پاکستان نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی اور پہلی مرتبہ آئی سی سی T20 ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی۔

یہ بھی پڑھیے

چیئرمین پی بی سی کا بلائنڈ، ڈیف ٹیموں کیلئے 10،10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

شاہد آفریدی کو ان کی شاندار اننگز کے ساتھ ساتھ گیند کے ساتھ ان کی شراکت کے لئے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا – لیگ اسپنر نے اپنے چار اوورز میں 1-20 حاصل کیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل  ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قومی کھلاڑیوں کی ایک ویڈیو ناقابل یقین فتح کے کیپشن کے ساتھ شیئر کی گئی ہے جس میں وننگ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق نے کہا کہ ورلڈکپ کے پہلے دو میچز ہم اچھا نہیں کھیلے تھے۔ مجھے ایونٹ اب تک یاد ہے، مجھے کال کی گئی اور میں ٹیم کا حصہ بنا۔

 

فواد عالم کا کہنا تھا کہ جب ہم ورلڈ کپ کے لیے جا رہے تھے تو یہ ذہن میں آرہا تھا پہلے راؤ نڈ تک یا دوسرے راؤنڈ تک  لیکن ٹیم نے اچھا پرفارم کیا اور ہم ورلڈ کپ جیت کر لوٹے۔

سابق فاسٹ بولر عمر گل نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہالینڈ کے خلاف ہمارا میچ بڑا اہم تھا وہ ہم نے اچھے رن ریٹ سے جیتنا تھا جبکہ  نیوزی لینڈ کے خلاف جو ریکارڈ بنایا وہ پرفارمنس مجھے یاد رہے گی ۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف عمر گل نے غیر معمولی اسپیل کیا ، یہ میچ اہم تھا میں نے پرفارم کیا، ایک اچھا کیچ لیا، اس کے بعد ٹیم اکٹھی ہوگئی۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق کا ایک اچھے وقت پر ٹیم میں آنا شاندار رہا ۔ شاہد آفریدی کا بروقت کھیلنے کا فائدہ ہوا۔ کپتان یونس خان نے مجھے فائنل میں فنش کرنے کے لیے کہا  لیکن باری نہیں آئی۔

سعید اجمل نے فتح کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان نے بہت اچھی کپتانی کی جب کہ شاہد آفریدی غیر معمولی کھیلے، بولنگ اور بیٹنگ میں پرفارمنسز بہت غیر معمولی رہیں۔

متعلقہ تحاریر