اسلام آباد میں جنگل کا راج ،پاکستانی لڑکیاں غیرملکیوں کی ہوس کانشانہ بننے لگیں

غوری ٹاؤن میں واقع کمپنی کا مالک چینی باشندہ کئی ماہ تک 16 سالہ ملازمہ سے زیادتی کرتا رہا، لڑکی کو حمل ٹھہرنے کے 7 ماہ بعد جرم سامنے آیا،ملزم گرفتار، ایف 11 مرکز میں خود کو عرب سفارتکار قرار دینے والے نشے میں دھت ملزم کی باپ کے سامنے لڑکی سے دست درازی، ملزم گرفتار، تھانے میں بھی لڑکی کو دھمکیاں دیتا رہا

 ملک کے سب سےزیادہ محفوظ سمجھے جانے والے دارالحکومت اسلام آباد میں جنگل کا راج نافذ ہوگیا، غیر ملکی باشندے پاکستانی لڑکیوں کی عزتوں پر ہاتھ ڈالنے لگے۔

غوری ٹاؤن اسلام آباد میں  کیمروں کی تنصیب کے کاروبار سے منسلک چینی کمپنی کے مالک نے اپنی 16 سالہ ملازمہ کو مبینہ طور پر متعدد مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے باعث نویں جماعت کی طالبہ حاملہ ہوگئی۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی سے چائلڈ پورنوگرافی سے متعلق مواد پھیلانے میں ملوث ملزم گرفتار

لاہور کے علاقے چوہنگ میں پولیس اہلکاروں کی خاتون سے اجتماعی زیادتی

اسلام آباد کے تھانہ کورال میں درج کرائے گئے مقدمے میں  لودھراں سے تعلق رکھنے والی راولپنڈی کی رہائشی 9ویں جماعت کی طالبہ 16 سالہ دختر شبیر احمد نے موقف اپنایا ہے کہ   وہ مئی 2021 سے غوری ٹاؤن اسلام آباد میں واقع کیمروں کی تنصیب کا کام کرنے والے چینی شہری  قائمنگ زہینگ ولد گوانگونگ کی کمپنی 15ہز ار روپے ماہوار تنخواہ پر ملازمت کررہی ہے۔   کمپنی میں چار مزید لڑکیاں بھی ملازم ہیں۔

 متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ کمپنی کے مالک نے ملازمت کے فوری بعد اسے ہراساں کرنا شروع کر دیا اور رواں سال جنوری میں   اس کے ساتھ زیادتی شروع کر دی اور متعدد مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے وہ  حاملہ  ہوگئی ۔لڑکی نے بتایا کہ کمپنی کے مالک نے اسے ڈرایا دھمکایا جس کی وجہ سےڈر اور خوف کی وجہ سے اس نےگھر میں کچھ نہیں بتایا ۔

لڑکی کے مطابق اس کی صحت کو دیکھتے ہوئے بڑی بہن اسے سیکٹر ایف8 مرکز میں واقع نجی اسپتال لے گئی جہاں اسکے 7ماہ اور 26 دن کے حاملہ ہونے کی تصدیق ہوگئی۔لڑکی کے مطابق اسپتال سے تصدیق ہونے کے بعد اس نے اپنی بہن کو حقائق سے آگاہ کیاجس پر اس نے پولیس سے رجوع کرکے مقدمہ درج کروایا ہے۔

پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر ملزم قائمنگ زہینگ کیخلاف  ضابطہ فوجداری کی دفعہ154 کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

 وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی شہری کے ہاتھوں لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا دوسراواقعہ ایف11مرکز میں پیش آیا ہے۔انگریزی روزنامہ ڈان کے مطابق  ایک غیر ملکی  شہری اور اس کے دوستوں کے خلاف ایک لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور اسے اور اس کے والد کو   بازار میں دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  غیرملکی شہری اور اسکے دوستوں نے ایف 11مرکز میں والدکے ساتھ جانے والی ایک لڑکی کو نامناسب طریقے سے چھوا۔متاثرہ کی شکایت پر شالیمار تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق  جرم کے ارتکاب کے وقت ملزم نشے میں تھا اور متاثرہ لڑکی کو اس کے والد اور دکاندار کے سامنے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ لڑکی کی جانب سے پولیس کو طلب کرنے پر ملزم اپنے دوستوں کے ساتھ ایک کار کی طرف بھاگا تاہم عینی شاہدین نے اسے  دھر لیا جس کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔   ایف آئی آر کے مطابق  ملزم مسلسل کہتا رہا کہ وہ ایک عرب ملک کا سفارت کار ہے اور اس نے پولیس اسٹیشن میں  بھی لڑکی کو دھمکیاں دیں ۔

کیس کے تفتیشی افسر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ایف آئی آر میں نامزد 3 میں سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔گرفتار ملزم کی شہریت سے متعلق سوال پر تفتیشی افسر نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے  گرفتار ملزم سفارتکار نہیں ہے۔

متعلقہ تحاریر