ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین نے پاکستانی سیاست میں واپسی کی کوششیں تیز کردیں

بانی متحدہ کا کہنا ہے کہ ہماری نئے آرمی چیف سے درخواست ہے کہ ہمیں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے ، پاکستان ہمارا ہے ہم اس کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔

خود ساختہ جلاوطن سیاستدان اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین نے طاقتور حلقوں اور اپنے پرستاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر متحرک ہونے کے ساتھ ہی پاکستانی سیاست میں واپسی کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ کہتے ہیں ہم کرپشن سے پاک پاکستان چاہتے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین پاکستان کے طاقتور حلقوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں تاکہ انہیں ایک بار پھر قومی سیاست میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب اسمبلی کو بچانے کےلیے ہر حربہ استعمال کریں گے، عطاء اللہ تارڑ

کراچی میں بانی متحدہ کے حق میں بینر آویزاں، کیا الطاف حسین کے سیاسی مردے میں جان ڈالنے کی کوشش ہے؟

دنیا نیوز لندن کے بیوروچیف اظہر جاوید نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی میڈیا سے گفتگو کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ "آج پنجاب کے اندر اس حقیقت کو ، جس کے بارے میں الطاف حسین نے بتایا ہے کہ سارے پاکستان میں جو خرابی کی جڑ ہیں وہ ایجنسیاں ہیں ، اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی ایجنسیاں ہیں ، یہ خوشی کی بات ہے کہ آج وہی بات پنجاب بھی کہہ رہا ہے۔”

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ "مائنس ون فارمولا 2018 سے نہیں بلکہ مائنس الطاف فارمولا 1992 سے چل رہا ہے ، جب آفاق احمد کی حقیقی کو لایا گیا ، پھر عظیم طارق گروپ بنایا گیا ، پھر پی ایس پی بنائی ، اور اب ایم کیو ایم پی بنا دی گئی ہے۔ میں ان تمام صحافیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو حق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔”

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بانی متحدہ کا کہنا تھا کہ "بلدیاتی انتخابات میں اگر فری ہینڈ دیا جائے ، سب کو مکمل آزادی کے بلدیاتی انتخابات کی کمپین چلانے دی جائے ، تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ سندھ کیا پورے پاکستان میں کامیابی حاصل کریں گے۔”

ایک سوال کے جواب میں بانی متحدہ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ "اگر اجازت مل گئی تو ہم بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے ، خدا کرے اجازت مل جائے ، ہم ضرور حصہ لیں گے ، ہمارا اپنا ملک ہے ہم اپنے ملک کو تباہ کرنا نہیں چاہتے ، ہم ملک کو بنانا چاہتے ہیں اسے ترقی دینا چاہتے ہیں ، لیکن کرپشن سے پاک ، پاکستان زندہ باد۔”

اور ویڈیو کلپ میں نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مخاطب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ "کروڑوں مہاجروں کو تیسرے درجے کا شہری بنا دیا گیا ہے ، میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ اس پر غور کریں اور ان کے جو مسائل ہیں ان کو حل کریں ، بلوچستان کے مسائل حل کریں ، فاٹا اور کے پی کے جہاں دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں ، ان کی وجوہات تلاش کریں ، اس ملک کے بہتر مستقبل کے لیے انصاف فراہم کریں۔”

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ اس سب کے پیچھے مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت ملوث ہے ، پی ٹی آئی کی طاقت کو توڑنے کے لیے وہ الطاف حسین کو بھی اپنے کندھے پر بیٹھانے کے لیے تیار ہیں ، خود تو یورپ کے مزے لوٹ رہے ہیں ، کراچی والوں کو پھر سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتے کی آگ میں جھونکا چاہ رہے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر سے دس منٹ کی کال پر کراچی کو بند کردیا جائے گا ، معصوم لوگوں کی پھر سے ٹارگٹ کلنگ شروع ہو جائے گی ، گاڑیوں کو آگ لگا دی جایا کرے گی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر یہ ہوجاتا ہے اس صورتحال کو نہ تو نواز شریف بھگتیں گے اور نہ ہی عمران خان بھگتیں گے ، بھگتیں گے تو صرف کراچی والے۔

متعلقہ تحاریر