سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں، 5 مشتبہ دہشتگرد گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے مشتبہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی ہے ، جبکہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے مختلف کارروائیوں میں 5 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کےمطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پنجاب بھر میں وسیع پیمانے پر خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کی ہیں ۔سی ٹی ڈی پنجاب نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں 21 انٹیلی جنس بیس آپریشنز کیے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران 22 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 5 مشتبہ دہشتگردوں کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) ہے۔ مشبتہ دہشتگردوں میں انعام الحق ولد عبدالحق، مسکین اللہ ولد محمد سعید، واحد خان ولد خان سرور، شیر نقیب ولد محمد ارباب خان اور شاہ ولی ولد چنار گل شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے خلاف پہلے سے کئی مقدمات درج ہیں۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطابق مشتبہ دہشتگردوں کے قبضے سے ایک آئی ای ڈی بم، 510 گرام دھماکہ خیز مواد، سیفٹی فیوز وائر 2.1 فٹ، ہینڈ گرنیڈ 02، الیکٹرک سرکٹ 01، الیکٹرک بٹن 01، ڈیٹونیٹر 02، بیٹری 01، کالعدم تنظیم کی 05 کتابیں، 2 موبائل فون اور 17230 روپے نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔

سی ڈی ٹی حکام نے مزید بتایا ہے کہ رواں ہفتے میں مقامی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے صوبے میں 526 کومبنگ آپریشنز کیے گئے۔ ان کومبنگ آپریشنز کے دوران 21227 افراد کے کوائف چیک کیے گئے۔

آپریسنز کے دوران 130 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، 82 ایف آئی آر درج کی گئیں، 27 بازیابیاں کی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی پنجاب مستعدی سے محفوظ اور مستحکم پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

متعلقہ تحاریر