ڈیفنس میں دن دہاڑے لوٹ مار، پولیس کا ملزمان کی گرفتاری کا مشکوک دعویٰ
خیابان شہباز کے سگنل پر موٹرسائیکل سواروں کی لوٹ مار کی وڈیو وائرل، پولیس کی پھرتیاں، ملزمان کو سول لائنز میں مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرنیکا دعویٰ کردیا، وڈیو میں موجود ملزمان اور مبینہ مقابلے میں گرفتار ملزمان کے متضاد خدو خال نے پولیس کا پول کھول دیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس کے مختلف سگنلز پر موٹرسائیکل سوار ملزمان کی گاڑیوں سے لوٹ مار کے واقعات معمول بن گئے۔گزشتہ روز خیابان شہباز میں موترسائیکل سوار ملزمان کی گاڑی سے لوٹ مار کی وڈیو وائرل ہوگئی۔چند روز قبل خیابان بدر اور خیابان حافظ میں بھی ایسے ہی واقعات رپورٹ ہوئے۔
واقعے کی وڈیو وائرل ہونے کےبعد پولیس حرکت میں آگئی اور مبینہ مقابلے میں خیابان شہباز پر پیش آئی واردات میں ملوث ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا تاہم سوشل میڈیا صارفین نےپولیس کی دونمبری کا پول کھول دیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں ڈاکوؤں کے 2 درجن گینگز نے بینکوں سے نکلنے والوں کو نشانے پر رکھ لیا
کراچی: بہادر آباد میں بلڈر سے 5 کروڑ 94 لاکھ روپے کی ڈکیتی
منگل کی صبح 10 بجکر 48 منٹ پر ڈیفنس خیابان شہباز سگنل پر موٹرسائیکل سواروں کی گاڑی میں سوار شہریوں سے لوٹ مار کی وڈیو سامنے آئی تھی۔وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیلے رنگ کی کار جونہی سگنل پر آکر رکی تو تعاقب میں آنے والے موٹرسائیکل سواروں میں ایک مسلح ملزم نیچے اترا اورآناًفاناً لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔
ڈیفنس خیابان شہباز پر سگنل پر رکنے والی گاڑی کو ملزمان نے لوٹ لیا ۔۔#Karachi #street #crime #police pic.twitter.com/p0nijPgCrs
— Ahmer Rehman Khan (@ahmerrehmankhan) March 7, 2023
واقعے کی وڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ جس پر صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور شہر کے پوش ترین علاقے میں دن دہاڑے لوٹ مار کو پولیس کی ناکامی قرار دیا۔
دریں اثنا ایس ایس پی جنوبی کراچی اسد رضا نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ٹوئٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ڈی ایچ اے میں دن دہاڑے لوٹ مار کی واردات میں ملوث ملزمان کو گزشتہ رات سول لائنز کے علاقے میں پولیس مقابلے میں گرفتار کرلیا گیا ہے جن کی شناخت ذیشان اور سعید کےناموں سے ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مجرم جرم کرسکتے ہیں لیکن جرم کچھ دے نہیں سکتا، یہی پنچ لائن ہونی چاہیے۔
Both street criminals seen in daylight robbery video in DHA have been captured late night after a shoot-out in Civil Lines, identified as Zeeshan and Saeed . Criminals may commit a crime but crime doesn’t pay, that’s the punchline. pic.twitter.com/YsOXIgUPSE
— SSP South Karachi Asad Raza (@AsadAyub) March 8, 2023
تاہم پولیس نے مبینہ مقابلے میں زخمی ہونے والےمبینہ ملزمان کی جو تصاویر جاری کی ہیں انہوں نے پولیس کے موقف پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ایس ایس پی جنوبی کے مطابق مبینہ مقابلہ گزشتہ رات پیش آیا تاہم پولیس نے اس واقعے کی جوتصاویر جاری کی ہیں وہ دن کی روشنی میں لی گئی ہیں اور ملزمان کو جائے وقوعہ پر زخمی حالت دیکھاجاسکتا ہے۔
گزشتہ روز ڈی ایچ اے کے سگنل پہ کار سوار شہری سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکو مبینہ مقابلے کے زخمی حالت میں گرفتار ہوگئے pic.twitter.com/PC60fPm4Ub
— Faizullah Khan فیض (@FaizullahSwati) March 8, 2023
دوسری جانب زخمی ملزمان اور گزشتہ روز کی واردات کی وڈیو میں موجود ملزمان کے خدوخال میں بھی زمین آسمان کا فرق موجود ہے۔وڈیو میں نظر آنے والےملزمان کلین شیو تھے جبکہ دونوں کے بال بھی چھوٹے تھے اور لوٹ مار کرنے والے ملزم کا چہرہ گول تھا۔
تھوڑا نہیں بہت فرق ہے بھائی، ایک دن میں ڈاڑھی اگ آئی، اسکا چہرہ گول، اس کا لمبا ہے، دوسرے والے کے لمبے بال ہیں، صاف لگ رہا ہے کہ کسی اور کیس میں گرفتار لڑکوں کو گولی مار کر مقابلہ ظاہر کیا ہے
— Usman Ahmed Khan (@Usmanization) March 8, 2023
جبکہ مبینہ مقابلے میں زخمی ہونے والے ایک ملزم کی ڈاڑھی بڑھی ہوئی، چہرہ لمبا اور دوسرے کے لمبے بال صاف نظر آرہے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت نے بھی مبینہ پولیس مقابلے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
بڑی دلچسپ فوٹو ہے۔ مبینہ ملزمان بائیک کے غلط سمت گرے ہوئے ہیں دونوں کے ہاتھوں میں گن ہے چیمبر کھینچا ہوا ہے اور پائوں زخمی ہے ، اور مبینہ فوٹو گرافر ایکشن کرکے تصویر لے رہا ہے۔ یہ سین سمجھ میں نہیں آرہا ، کٹ کرکے دوبارہ ایکشن بولیں اور اس بار پستول ہاتھوں سے گرا ہونا چاہیے۔
— Qadir Khan Yousafzai (@qadiryusfzai) March 8, 2023
دوسری جانب ڈیفنس کے دیگر علاقوں میں بھی شاہراہوں پر کھلے عام لوٹ مار کی شکایات عام ہورہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق خیابان شہباز،شجاعت،حافظ اور خیابان بدر کے سگنلز پر دن دہاڑے لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں۔ والے خیابان حافظ کے سگنل پر بھی گزشتہ دنوں دن دہاڑے لوٹ مار کی ایسی ہی واردات رپورٹ ہوچکی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے خیابان بدر میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آچکا ہے۔