ڈی ایچ اے سحر کمرشل کے موبائل شو روم میں سوا کروڑ روپے کی ڈکیتی
4 مسلح ڈاکو سیکیورٹی گارڈ اور دکانداروں کو یرغمال بنا کر قیمتی موبائل فونز تھیلوں میں بھر کر فرار ہوگئے، نقدی بھی چھین لی، دکانداروں کا پولیس کیخلاف احتجاج
کراچی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے سحر کمرشل میں ڈاکو دن دہاڑے موبائل شو روم سے سوا کروڑ روپے مالیت کے موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
متاثرہ دکاندار سریش سمیت تاجروں کی بڑی تعداد نے خیابان شہبازٹریفک روک کر پولیس کیخلاف احتجاج کیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں ذہنی معذور بچہ بدفعلی کے بعد قتل، لاش گاڑی سے برآمد
کراچی: سابق جہادی کمانڈر خالد رضا کو 3ماہ قبل ہی قتل کاوقت بتائے جانے کاانکشاف
ڈی ایچ اے فیز7 سحرکمرشل میں اتوار کی دوپہر دوبجکر 41 منٹ پر 4 مسلح ڈاکونائس سپرمارکیٹ کے قریب موبائل شو روم میں داخل ہوئے اور سیکیورٹی گارڈ اور دکانداروں کو یرغمال بناکر سوا کروڑ روپے مالیت کے قیمتی موبائل فونز کے علاوہ نقدی بھی لے اڑے ۔
واردات کے بعد مسلح ملزمان پلاسٹک کے تھیلوں میں دکان میں موجود تمام موبائل فون بھرکر فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پرپہنچی اور شواہد اکھٹے کیے۔پولیس حکام کے مطابق واردات میں رکشہ گینگ ملوث ہے جس نے پہلے بھی پوش علاقے میں وارداتیں کی ہیں۔
واقعے کے خلاف تاجروں نے احتجاج کیا اور شہباز کمرشل سڑک کو بلاک کردیا۔ اس کے بعد ایس ایس پی ساؤتھ نے دکانداروں کو مذاکرات کیلیے بلایا اور یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔