کراچی: ڈیفنس فیز8 کے مہنگے ترین اپارٹمنٹس میں خواتین سے چھیڑ چھاڑ پر جھگڑا،وڈیو وائرل

مبینہ طور پر جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے اور ان کے ساتھیوں کی خواتین سے بدتمیزی، بااثر شخصیت کو دیکھ کر معاملہ رفع دفع کرانے کی کوشش، وائرل وڈیو میں مشتعل شخص کو مخالفین پر اسلحہ تان کر گالم گلوچ کرتے دیکھاجاسکتا ہے، پولیس کا معاملہ رفع دفع کرانے کا دعویٰ

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں دو دریا سے متصل ساحلی پٹی پر واقع شہر کے مہنگے ترین اپارٹمنٹس میں بااثر افراد میں جھگڑے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وڈیو میں ایک شخص کو مخالفین پر اسلحہ تان کر غلیظ گالیاں دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔کراچی کے پوش ترین علاقے میں پیش آئے واقعےنے سندھ حکومت اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھادیے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی: نوسربازوں نے ایجنسی کے اہلکار بن کر ترک شہری سے 12 لاکھ روپے لوٹ لیے

آئی بی اے سکھر کے پروفیسر ڈاکٹر اجمل ساوند قبائلی تنازع پر قتل

 

اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹرنظیر شاہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک وڈیوشیئر کی ہے جس میں ڈیفنس فیز 8 میں واقع ایماراپارٹمنٹس کے احاطے میں کچھ افراد کو باہم دست و گریباں دیکھا جاسکتا ہے۔وڈیو میں موجود ایک شخص نے مخالفین پر اسلحہ تان رکھا ہے اور انہیں غلیظ گالیوں سے بھی نواز رہا ہے۔

نظیر شاہ نے وڈیو کی تفصیلات میں لکھاکہ”ڈیفنس کے مہنگے ترین اپارٹمنٹ میں مبینہ طور پر جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے اور ان کے ساتھیوں نے  خواتین سے بدتمیزی کی  اوربااثر شخصیت کو دیکھ کر معاملہ رفع دفع کروانے کی کوشش کی “۔

انہوں نے بتایاکہ”  جھگڑے کی کئی ویڈیوز منظر عام پر آگئی ہیں ، کیا ضلع جنوبی کی پولیس  ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرپائے گی؟“ ۔

سندھ پولیس میڈیا سیل نامی ٹوئٹر ہینڈل نے نظیر شاہ کے ٹوئٹ پر تبصرے میں لکھاکہ”معاملہ حل کیا جاچکا ہے“۔اس پر نظیر شاہ نے لکھا کہ”جبری صلح صفائی کا کیا فائدہ، ایسے عناصر کو بتانا چاہیے کہ کراچی میں کوئی بدمعاش نہیں، یہاں کچھ قانون باقی ہے“۔

واضح رہے کہ ڈیفنس میں بااثرافرادکی بدمعاشی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل میں پوش علاقے میں ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جن میں کئی افراد کی جانیں بھی جاچکی ہیں۔شاہ رخ جتوئی کے ہاتھوں شاہ زیب کے قتل کا واقعہ اس کی ایک مثال ہے۔

سماجی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ کراچی  میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف رنگ،نسل اور زبان کی تفریق کے بغیر کارروائی کی ضرورت ہےتاکہ شہر میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا قائم رہے۔

متعلقہ تحاریر