سندھ حکومت نے مویشی منڈی ناردرن بائی پاس منتقل کرکے عوام کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا

معروف کامیڈین سمیت کئی شہری لٹ چکے، پولیس تحفظ فراہم کرنے میں ناکام، عوام اور تاجروں کا پولیس اور رینجرز کا گشت بڑھانے کامطالبہ، حافظ نعیم الرحمان کا صورتحال پر تشویش کا اظہار، الطاف حسین کا شہریوں کو جھنڈ کی شکل میں اسلحہ لیکر منڈی جانے کا مشورہ

سندھ حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کو سپر ہائی وے سے ناردرن بائی  پاس منتقل کرکے سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہونے  کے خواہشمند شہریوں اور بیوپاریوں کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا۔

ناردرن بائی پاس پر مویشی منڈی جانے والے شہریوں سے وارداتیں معمول بن گئیں۔ معروف  کامیڈین اور اسٹیج اداکار ولی شیخ سمیت درجنوں شہریوں کومویشی منڈی کے قریب لوٹ لیا گیا۔

امیر جماعت  اسلامی کراچی حافظ نعیم  الرحمان، بانی ایم کیوایم الطاف حسین اور آل سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین کاشف صابرانی نے صورتحال پر تشویش کااظہار کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی: نوسربازوں نے ایجنسی کے اہلکار بن کر ترک شہری سے 12 لاکھ روپے لوٹ لیے

اوباش نوجوانوں سے سی ویو تا دو دریا سڑک کو فیملیز کیلیے نوگوایریا بنادیا

 

عیدالاضحی قریب آتے ہی ناردرن بائی پر قائم کی جانے  والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے قریب وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔منڈی جانے والے شہریوں سے ڈاکو لوٹ مار کر رہے ہیں جبکہ علاقے سے پولیس بھی غائب ہے۔ معروف اسٹیج اداکار اور کامیڈین ولی شیخ کو بھی مویشی منڈی کے قریب لوٹ لیا گیا۔

ولی شیخ نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اپنے ایک دوست کے ہمراہ ناردرن بائی پاس پر مویشی منڈی کے قریب سے گزر رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے انہیں لوٹ لیا۔اداکار ولی شیخ کے مطابق ڈاکوؤں نے انہیں 85 ہزار روپے نقدی، گھڑی اور موبائل فون سے محروم کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ڈاکوؤں کی لوٹ مار کا مقدمہ تھانہ گلشن معمار میں اداکار ولی شیخ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

سینئر صحافی فیض اللہ خان کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ سے20کلو میٹردور مویشی منڈی بناکرانتظامیہ نےڈاکوؤں کوکھلی چھٹی دیدی ھیکہ مزے سے شہریوں کو لوٹو۔ انہوں نے کہاکہ منڈی جانے والا رقم فون گاڑی کیساتھ جاتا ہے، روز شہری لٹ رہے ہیں زخمی ہورہے ہیں، جانور سے پہلے انسان قربان ہورہے ہیں، آئی جی اور ڈی آئی جی سندھ سرکار کے پروٹوکول میں مصروف ہیں

تاجروں اور شہریوں نے منڈی کے راستوں پر رینجرز اور پولیس کی اسیپ چیکنگ اور اطراف میں فل پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔آل تاجران سندھ اتحاد کے چیئرمین محمد کاشف صابرانی نے کہا ہے کہ اس سال مویشی منڈی نادرن بائی پاس پر لگانا تعجب کی بات ہے۔

 انہوں نے کہا کہ نادرن بائی پاس کراچی سے بہت دور ہے اور پورے سال ویسے بھی نادرن بائی پاس پر وارداتیں ہوتی رہتی ہیں لیکن جب سے مویشی منڈی لگائی گئی ہے متعدد افراد لوٹے جاچکے ہیں، لوگ سال بھر محنت سے پیسے کماتے ہیں جمع کرتے ہیں ان سے لاکھوں روپے لوٹ لئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نادرن بائی پاس کے راستوں میں رینجرز اور پولیس نظر نہیں آتی جیسے عید قریب آرہی ہے وارداتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے لوگوں سے نقدی موبائل اور قیمتی چیزیں چھیننے کے باوجود ان کو مار دیا جاتا ہے انتظامیہ کی ناکامی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔

 تاجر رہنما نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈی کے راستوں پر رینجرز اور پولیس کی اسنیپ چیکنگ کروائے اور منڈی کے اطراف میں فل پروف سیکورٹی فراہم کی جائے۔

امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے  کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی صورتحال بہت بدتر ہے، ناردرن بائی پاس  جہاں مویشی منڈی لگی ہے وہاں سے شکایات آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید قربان کے لیے لوگ جا رہے ہیں لیکن وہاں کچھ انتظامات نہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز احسن آباد کے قریب یونیورسٹی پوائنٹ کو روک کر لوٹ مار کی، افسوس ناک واقعہ ہے، سندھ میں حکومت پی پی کی ہے۔

دوسری جانب بانی ایم کیوایم الطاف حسین نے بھی ناردرن بائی پاس پر قائم مویشی منڈی کے راستوں پر شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو تجویز دی ہے کہ گروپس کی شکل میں منڈی جائیں اور لائسنس یافتہ اسلحہ ہو تووہ بھی ساتھ لے  جائیں۔

الطاف حسین نے گزشتہ روز اپنی ٹک ٹاک وڈیو میں  پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اور پولیس کو ذمے  دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ ناردرن بائی پاس پر لگی مویشی منڈی کے راستوں پر متواتر شہریوں سے لوٹ مار کی اطلاعات آرہی ہیں، منڈی کےراستے میں 3 تھانے   پڑتے  ہیں لیکن وارداتوں کےبعد  شہری شکایات درج کرانے جائیں تو پولیس وارداتوں سے انکار کرکے  انہیں بھگادیتی ہے۔

انہوں نے شہریوں کو تجویز دی کہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے سے بہتر ہے کہ اس مرتبہ قربانی کے پیسے محلے کے کسی غریب کو دے دیں، انشااللہ آپ کو قربانی کا ثواب مل جائے گا۔

متعلقہ تحاریر