بٹخیلہ میں نامعلوم ملزمان کی گھر پر فائرنگ، بچوں سمیت 9 افراد قتل
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ دکھائی دے رہا ہے ، حتمی نتیجہ تحقیقات کے بعد سامنے آئے گا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کی تحصیل بٹخیلہ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو قتل کردیا ہے۔ پولیس نے گھر کے داماد سمیت تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کی تحصیل بٹخیلہ میں نامعلوم ملزمان نے حسن شاہ کے گھر پر داخل ہور کر فاٸرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ہی گھرانے کی 9 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے
ٹک ٹاکر عائشہ کی موت کا معمہ حل نہ ہوسکا، روزنامہ جنگ نے من گھڑت خبر شائع کردی
راولپنڈی میں 12 سالہ یتیم لڑکی کے ساتھ 3 رشتیداروں کی اجتماعی زیادتی
ہولناک واقعے کی اطلاعات ملتے ہیں پولیس ، اعلیٰ حکام اور لیویز کی بھاری نفری مقتولین کے گھر پہنچ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے ضروری کارروائی کے لیے لاشوں کا ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا ہے۔ جبکہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔
مقتولین میں (1) حسن شاہ ولد ضامن شاہ (2) مسماۃ حبیب الحرم زوجہ حسن شاہ (3) مسماۃ رابع بی بی دختر حسن شاہ (4) مسماۃ حضرہ بی بی دختر حسن شاہ (5) مسماۃ حضرت رقیہ بی بی دختر حسن شاہ (6) حضرت علی ولد حسن شاہ (7) حضرت بلال ولد حسن شاہ (8) ظہران ولد اعزاز (9) مسماۃ صاٸمہ بی بی زوجہ اعزاز ساکنان بگردرہ تحصیل بٹخیلہ ضلع ملاکنڈ شامل ہیں۔
پولیس اور لیویز حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور واقعے ذاتی دشمنی کا شاخسانہ دکھائی دیتا ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے عنصر کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ واقعے کی مکمل اور ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں گی۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق واقعے میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ واقعے میں متاثرہ خاندان کا داماد ملوث تھا جس نے نو افراد میں سے اپنی ہی بیوی کو قتل کیا۔ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
اُدھر مالاکنڈ کے مکینوں نے فائرنگ کے واقعے کے خلاف مقتولین کی لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے ان کے حوالے کیا جائے۔ تاہم اسسٹنٹ کمشنر کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔