سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں ، 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار
حکام کا کہنا ہے گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ہفتے کے روز صوبے کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 6 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
گرفتار دہشتگردوں سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ دہشت گردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ضلع مردان میں پولیس چوکی پر دستی بم حملہ ، 1 پولیس اہلکار جاں بحق ، 4 زخمی
کراچی میں چینی اساتذہ پر خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مبینہ دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، دستی بم، ڈیٹونیٹر اور دیگر آلات برآمد ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے وابستہ دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر شاہ لطیف ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کی تھی ۔ کارروائی کے دوران چھاپہ مار ٹیم نے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا ، جو آپس میں بھائی بتائے جاتے ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، دستی بم اور موبائل فونز بھی برآمد کیے ہیں۔
ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ گرفتار ملزمان پاکستان میں داعش کے سیٹ اپ کو نئی شکل دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نوجوانوں کو دہشت گردی کی تربیت کے لیے افغانستان بھیجنے میں ملوث تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کےدوران ملزمان نے ملک میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اعتراف کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کے خاندان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔