فورٹ منرو میں امریکی خاتون سے تین افراد کی مبینہ زیادتی، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا
امریکی سیاح خاتون عربیلا کا کہنا ہےکہ ملزمان نے فورٹ منرو کے ایک گھر میں رکھا اور دو روز تک جنسی زیادتی کرتے رہے۔
جنوبی پنجاب کے مقام فورٹ منرو میں اکیس سالہ غیر ملکی لڑکی کے ساتھ تین افراد نے مبینہ زیادتی کردی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے فورٹ منرو میں غیر ملکی خاتون سیاح کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے مقام فورٹ منرو میں اکیس سالہ غیر ملکی لڑکی کا مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، بارڈر ملٹری پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق فورٹ منرو میں پرائیوٹ گارڈز نے امریکن لڑکی سے زیادتی کی، امریکی نیشنل عربیلا 15 جولائی کو کراچی سے لاہور پہنچی تھی، پرائیوٹ ٹور گارڈز مزمل، عابد اور ایک نامعلوم شخص اس کے ہمراہ راجن پور، جام پور اور فورٹ منرو پہنچے تھے۔
متاثرہ غیر ملکی لڑکی عربیلا کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملزمان نے دو روز فورٹ منرو میں رکھا اور جنسی زیادتی کی۔
پولیس نے غیر ملکی لڑکی کی درخواست پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے فورٹ منرو میں غیر ملکی خاتون سیاح سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کرتے گرفتار ملزموں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ملزموں کو قانون کے تحت قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔ متاثرہ خاتون کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔