باجوڑ میں بم دھماکہ ، تحصیل چیئرمین خار ساتھیوں سمیت زخمی

پولیس حکام کا کہنا ہے حاجی سید بادشاہ کی گاڑی جنازے میں جاتے ہوئے سلارزئی کے قریب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی تھی۔

باجوڑ کے علاقے سلارزئی چنار میں کار بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں تحصیل چیئرمین سمیت تین افراد زخمی  ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق باجوڑ کی تحصیل سلارزئی چنار میں تحصیل چیئرمین خار حاجی سید بادشاہ کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار حاجی سید باچا سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے

دوسروں کی جان لینے کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاکر عزتیں بھی تاراج کرنے لگے

ڈیفنس کی عمارت میں نوجوان کی پراسرار ہلاکت ، خودکشی یا قتل؟

دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور ریسکیو ٹیموں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پہنچ گئی۔

ریسکیو ٹیموں نے حاجی سید بادشاہ اور دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہیڈ کوارٹر اسپتال خار منتقل کر دیا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ حاجی سید بادشاہ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں پروپر طبی امداد دی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے دھماکے سے گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ سید باچا جنازے میں شرکت کے لیے تحصیل سلارزئی جا رہے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی جب کہ جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تحصیل چیئرمین حاجی سید باچا کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

متعلقہ تحاریر