ڈائریکٹر سیف سٹی پراجیکٹ کی پھندا لگی لاش برآمد، آئی جی اسلام آباد کا نوٹس

پولیس کے مطابق عبدالقدیر این ٹی سی کے گریڈ 19 کے ملازم تھے اور ڈپیوٹیشن پر اسلام آباد پولیس میں فرائض انجام دے رہے تھے۔

اسلام آباد میں ڈائریکٹر سیف سٹی کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے ، پولیس نے موت کی وجہ کے تعین کے لئے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دی ہے جبکہ آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد کے علاقے مارگلہ ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ سے ڈائریکٹر سسٹم سیف سٹی پروجیکٹ اسلام آباد عبدالقدیر کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔ جس کی اطلاع ان کے اہل خانہ نے پولیس کو دی۔

یہ بھی پڑھیے

نومولود بچی کو سرعام سڑک پر پھینک دیا گیا، پاکستان اب بھی پتھر کے دور میں جی رہا ہے

کراچی میں ڈاکو ڈکیتی کے نئے نئے طریقے ایجاد کرنے لگے

پولیس کے مطابق عبدالقدیر این ٹی سی کے گریڈ 19 کے ملازم تھے اور ڈپیوٹیشن پر اسلام آباد پولیس میں فرائض انجام دے رہے تھے۔ان کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا۔

پولیس نے شواہد قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ عبدالقدیر کی موت خودکشی کا نتیجہ ہے یا انہیں قتل کیا گیا۔

پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دی ہے۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد نے ڈی آئی جی آپریشنز کو واقعے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کے احکامات جاری کیے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو مزید حقائق سامنے آئیں گے میڈیا کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر