سارہ انعام قتل کیس: ملزم شاہ نواز امیر کے ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع
ملزم شاہ نواز امیر نے چند روز قبل مبینہ طور پر کینیڈین نژاد بیوی سارہ کو اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں واقع رہائش گاہ پر قتل کر دیا تھا۔
سارہ انعام قتل کیس میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ملزم شاہ نواز امیر کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
سارہ انعام قتل کیس کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ صحافی ایاز امیر کے بیٹے اور قتل کے مرکزی ملزم شاہنواز کو تین روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات، لوٹی گئی رقم سن کر پولیس بھی چکرا گئی
کوئٹہ میں تین بھائیوں کے قتل کا ڈراپ ، سگا بھائی ہی قاتل نکلا
پولیس نے ملزم شاہ نواز امیر کے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے دریافت کیا کہ مزید ریمانڈ کیوں درکار ہے جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے اکاؤنٹ کی تفصیل لینی ہے کیوں کہ ملزم مختلف اوقات میں مقتولہ سے رقم منگواتا رہا تھا۔
عدالت نے دریافت کیا کہ اب تک ملزم کا کتنا جسمانی ریمانڈ دیا جاچکا ہے کہ ابھی کتنے دن کا ریمانڈ ہو چکا ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ آج تک 5 روزہ جسمانی ریمانڈ ہو چکا ہے۔
عدالت نے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
صحافی ایاز امیر کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایاز امیر کو ان کا سیل فون کو واپس دیا جائے۔ جسں پر عدالت نے حکم دیا کہ اگر اس معاملے میں پولیس کو کوئی اعتراض نہیں ہے تو موبائل فون واپس کردیا جائے۔
ملزم شاہ نواز امیر نے چند روز قبل مبینہ طور پر کینیڈین نژاد بیوی سارہ کو اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں واقع رہائش گاہ پر قتل کر دیا تھا، جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا تھا۔
ملزم کی مقتولہ سے تقریبآ تین ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ ملزم کی یہ تیسری شادی تھی۔