گھوٹکی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت 7 پولیس اہلکار شہید

ڈی آئی جی جاوید جسکانی کا کہنا ہے شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو ، ایس ایچ او میرپور عبدالمالک کمانگر ، ایس ایچ او کھینجو سمیت 7 اہلکار شامل ہیں۔

صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی کے رونتی کچے کے علاقے میں میں ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) اور 2 ایس ایچ اوز سمیت 7 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 150 کے قریب ڈاکوؤں نے رونتی میں واقع ایک پولیس کیمپ پر دھاوا بول دیا ، تاہم پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو ، ایس ایچ او میرپور عبدالمالک کمانگر ، ایس ایچ او کھینجو سمیت 7 اہلکار شہید ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی پولیس کی کارروائی ، رکشہ لفٹر گینگ کے تین کارندے گرفتار

شہر قائد میں گزشتہ 11 ماہ میں بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے 184 واقعات رپورٹ

کیمپ پر حملے کے دوران ڈاکو تین ایس ایچ اوز اور 10 اہلکاروں کو یرغمال بنا کر لے گئے جبکہ تین بکتربند اور 10 دیگر گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں ہیں۔

ڈی آئی جی جاوید جسکانی کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی کیلئے کچے میں آپریشن کیلئے پولیس کیمپ قائم کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری کچے میں روانہ کی ہے۔

ڈی آئی جی جاوید جسکانی کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے سندھ بھر سے پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو طلب کرلیا گیا ہے۔

ہلاکتوں کے بعد سندھ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچ گئے۔

جنوب مشرقی کا دور افتادہ علاقہ اس وقت سرخیوں کی زد میں ہے ، کیونکہ علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ جاری ہے ، پولیس کے جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

علاقے میں اغوا اور زمینداروں سے بھتہ خوری اور تیار زرعی زمین کو تباہ کرنے سمیت دیگر جرائم میں ڈاکوؤں کے کئی گروہ ملوث ہیں۔

متعلقہ تحاریر