قصور اور گردونواح میں جعلی کھاد مافیا سرگرم، اسسٹنٹ کمشنر کے پے در پے چھاپے

گذشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر قصور نے چھاپہ مار کارروائیوں میں جعلی کھاد کی سینکڑوں بوریاں قبضے میں لے لیں، مقدمات درج کرلیے گئے۔

قصور اور گردونواح میں جعلی کھاد بنانے والا جعلی کھاد مافیا سرگرم ، شہر اور دیگر علاقوں میں جعلی کھاد کی فروخت عام ہونے لگی ، زمینداروں کی تیار فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق قصور اور گردونواح میں جعلی کھاد مافیا متحرک ہوگیا جعلی کھاد مافیا نے شہر اور دیگر علاقوں میں جعلی ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی فروخت کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نورمقدم قتل کیس: مجرم ظاہر جعفر کو ذہنی مریض ثابت کرنے کی کوششیں

گلشن حدید سے لاپتہ 31 سالہ خاتون نے لاہور جاکر نکاح پر نکاح کرلیا

گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر قصور محکمہ زراعت اور پولیس کی بھاری نفری نے کالی پلی کے قریب کمبوہ ہاٶس پر چھاپہ مارکر جعلی یوریا اور ڈی اے پی  کھاد کی سینکڑوں بوریاں برآمد کرلیں۔

حکام کے مطابق برآمد ہونے ولاے جعلی کھاد کی بوریوں کی قیمت تقریبا 33 لاکھ روپے بنتی ہے اس طرح قادرآباد کے علاقے میں چھاپہ مارکر جعلی یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی بوریاں برآمد کرلی گٸیں ہیں۔

ذراٸع کے مطابق یہ جعلی کھاد کا گھناٶنا دھندہ ملزم شاہد اصغر نے شروع کررکھا تھا جو کہ یپال کلاں کا رہاٸشی ہے۔ پولیس نے گرفتاری کے لیے شاہد اصغر کے گھر پر چھاپہ مارا تو ملزم  پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا۔

ذراٸع کے مطابق ملزم شاہد اصغر عرصہ دراز سے قصور اور اس کے گردونواح میں جعلی کھاد فروخت کررہا تھا ، جسکے خلاف پہلے بھی مقدمات درج ہیں۔

تھانہ صدر پولیس نے تمام جعلی کھاد کی بوریاں اور دیگر سامان کو قبضہ میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔

دوسری جانب انجمن کاشتکاراں کے عہدیددران کا کہنا ہے کہ قصور اور گردونواح میں جعلی کھاد تیار کرنے کا سلسلہ جو جاری ہوچکا ہے انکے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاٶن کرکے ایسے سماج دشمن عناصر کو  نشان عبرت بنایا جاٸے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی بھٹی اسپتال قصور کے قریب سے بھی جعلی کھاد کی بوریاں ایک ٹرک سے برآمد کی گٸیں تھی جس میں ضلع کے بڑے آفیسر کے ایک گن مین اور ڈراٸیور ملوث نکلے تھے جنہیں بعدازاں معطل کردیا گیا تھا لیکن چند دنوں بعد ہی نوٹوں کی چمک سے بحال ہو گئے تھے۔

متعلقہ تحاریر