جبران ناصر نے تحریک انصاف کے مقتول رہنما کیلئے آواز بلند کردی

ایڈوکیٹ جبران ناصر نے ٹوئٹر پر ایک وڈیو شیئر کی جس کےعنوان میں لکھا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکن ماجد ستی کو اگست2022  میں  فرخ امتیاز کھوکھر کی ہدایت پر گولی مار قتل کردیا گیاتھا، قاتل ضمانت ملنے کے بعد مقتول کے اہلخانہ کو ڈرا دھمکا کر مقدمہ واپس لینے پر مجبور کررہے ہیں

سماجی کارکن ایڈوکیٹ جبران ناصر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف راولپنڈی کے مقامی رہنما ماجد ستی کے مبینہ قاتل فرخ امتیاز کھوکھر مقتول کے اہلخانہ کو ڈرا دھمکا کر مقدمے سے دستبردار ہونے پر مجبور کررہے ہیں۔

جبران ناصر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک وڈیو شیئر کی جس کےعنوان میں لکھا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکن ماجد ستی کو اگست 2022 مبینہ طور پر فرخ امتیاز کھوکھر نامی شخص کی ہدایت پر گولی مار قتل کردیا گیا تھا ۔

یہ بھی پڑھیے

جبران ناصر نے وکلا کی ہڑتالوں کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیدیا

جبران ناصر نے بتایا کہ تحریک انصاف کے مقتول کارکن ماجد ستی کے مبینہ قاتل فرخ امتیاز کھوکھر کو28 نومبر کوعدالت سے ضمانت  قبل از گرفتاری ملی۔ ضمانت کے بعد سے ماجد ستی کے اہلخانہ کو مسلسل  ڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے ۔

ایڈوکیٹ جبران ناصر کا کہنا ہے کہ مقتول ماجد ستی کے اہلخانہ کے مطابق فرخ امیتاز کھوکھر کو ضمانت قبل از گرفتاری ملنے کے بعد ہمیں مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ ڈرا دھمکا کر مقدمہ واپس لینے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔

ایڈوکیٹ جبران ناصر نے ٹوئٹر پر مزید ایک ٹک ٹاک وڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مقتول ماجد ستی کا مبینہ قاتل فرخ امتیاز کھوکھر ہے جوکہ ضمانتی احکامات ملنے کی خوشی منارہا ہے اور اپنی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کررہا ہے ۔

جبران ناصر نے فرخ امتیاز کھوکھر کے وڈیو کے عنوان میں لکھا کہ یہ شخص واضح طورپر اپنے خلاف الزامات کی نوعیت سے بے نیاز دکھائی دیتا ہے بلکہ قتل کے مقدمے کا سامنا کرنے سے لطف اندوز ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

واضح رہے کہ 23 اگست 2022 کو راولپنڈی میں سکستھ روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تحریک انصاف کے مقامی رہنما ماجد ستی کو قتل کردیا ۔ قتل کا الزام فرخ امتیاز ستی پر عائد کیا گیا تھا ۔

متعلقہ تحاریر