گورنر سندھ کی تمام ایس ایچ اوز کو قبلہ درست کرنے کیلیے 48 گھنٹے کی مہلت

آئی جی سندھ سے گزارش ہے کہ وہ اپنے تمام ماتحت ایس ایچ اوز، ڈی ایس پیز اور ڈی آئی جیز کو کہیں کہ اس چھینا جھپٹی کے عذاب سے کراچی اور سندھ کے لوگوں کی جان چھڑائیں، کامران ٹیسوری کا وڈیو پیغام

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی سمیت سندھ بھرمیں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ بھر کے ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز کو اپنا قبلہ درست کرنے کیلیے 48 گھنٹے کی مہلت دیدی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری  نے اسلام آبادمیں بچے کی عصمت دری ،قتل اور لاش پیڑ سے لٹکانے کے واقعے پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیے

این ای ڈی یونیورسٹی کا طالبعلم ڈکیتی مزاحمت پر قتل، ایک ملزم گرفتار

کراچی میں 20 روز کے دوران تیسری بچی زیادتی کے بعد قتل، مبینہ قاتل گرفتار

سوشل میڈیا پر  جاری کردہ پیغام میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےاین ای ڈی کے طالبعلم بلال ناصر کے اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ این ای ڈی اور کراچی کے بیٹے کے ساتھ جو ہوا ہے یہ سلسلہ اب بند ہوجانا چاہیے  اور آج میں یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ سندھ کے تمام ایس ایچ اوز اورڈی ایس پیز اپنی وردیاں سنبھال لیں اور چھینا جپھٹی کا سلسلہ بند کروائیں اور رات دن کام کریں۔

انہو ں نے کہاکہ اگر اب ایسے واقعات میں ہوئے تو میں خود  اس علاقے کے تھانے میں آکر  ایس ایچ اوز کے پاس  بیٹھوں گا اور پھر وہی ایکشن ہوگا جو ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میری گزارش ہے سندھ کے تمام ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز اپنی وردیاں اٹھائیں اور اپنے علاقوں میں نکل جائیں اور وہ کاکردگی دکھائیں جو کراچی اور سندھ کے عوام چاہتے ہیں۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ میں سندھ کے تمام ایس ایچ اوز کو 48 گھنٹے کی مہلت دے رہا ہوں کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں ۔انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ بہت اچھے، نیک نیت اور ایماندار آدمی ہیں، میں ان سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ اپنے تمام ماتحت ایس ایچ اوز، ڈی ایس پیز اور ڈی آئی جیز کو کہیں کہ اس چھینا جھپٹی کے عذاب سے کراچی اور سندھ کے لوگوں کی جان چھڑائیں۔

متعلقہ تحاریر