کوئٹہ کے سبزل روڈ پر دستی بم حملہ ، 4 افراد زخمی

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوش بزنجو نے دستی بم حملے کی  تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی سبزل روڈ پر دستی بم حملے میں ایک خاتون سمیت کم از کم چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

واقعے کے فوری بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیاہے۔ ادھر پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی: ٹیپوسلطان تھانے کی حدود میں 50 لاکھ کی ڈکیتی، نجی بینک کا سیکورٹی گارڈ گرفتار

ایڈیشنل سیکریٹری آبپاشی بہاولپور لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام پر گرفتار

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آووروں کی جانب سے دو دستی بم پھینکے گئے تھے تاہم ایک دستی بم پھٹنے سے بچ گیا تھا۔

وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے دہشتگردوں کی جانب سے کی جانے والی اس کارروائی کی مذمت کی ہے اور صوبائی پولیس چیف کو شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وسیم بیگ نے بعد میں میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ واقعے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھنے اور امن دشمنوں کا قلع قمع کرنے کے لیے کوئی کسر نہ اٹھا رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

عبدالقدوس بزنجو نے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز وفاقی دارالحکومت کے علاقے سیکٹر آئی 10  میں ایک خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 اہلکاروں سمیت کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ایک ٹویٹ میں، اسلام آباد پولیس نے کہا کہ پولیس افسران اسنیپ چیکنگ کر رہے تھے جب انہوں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس میں ایک مرد اور ایک خاتون سوار تھیں۔

پولیس حکام نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ گاڑی میں سوار شخص نے دھماکہ اس وقت کیا جاتا ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار نے اس سے گاڑی کے کاغذات طلب کیے تھے ۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کے دروازے پر موجود کانسٹیبل عدیل حسین شہید ہو گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر