کلاشنکوف بردار ڈاکوؤں کی گلشن تھانے کے سامنے ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے لوٹ مار
کلاشنکوف بردار ڈاکوؤں نے ہوٹل پر بیٹھے 20 سے زائد شہریوں کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کردیا،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
کراچی میں معصوم شہریوں پر گولیاں برسانے والی پولیس ڈاکو کو پکڑنے میں بری طرح ناکام ہوگئی۔ نوبت یہ آگئی ہے کہ ڈاکوؤں پستولوں کے بجائے کلاشنکوف اٹھاکر تھانوں کے سامنے بھی لوٹ مار شروع کردی۔
گلشن اقبال تھانے کے سامنے کلاشنکوف بردار ڈاکوؤں نے ہوٹل پر بیٹھے 20 سے زائد شہریوں کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کردیا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں اداکارہ سلومی عزیز کے بھائی مزاحمت پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل
گورنر سندھ کی تمام ایس ایچ اوز کو قبلہ درست کرنے کیلیے 48 گھنٹے کی مہلت
وڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد گلشن تھانے کے سامنے فٹ پاتھ پر بیٹھی چائے پی رہی ہے کہ موٹرسائیکل سوار 3 ملزمان آتے ہیں ۔ایک ملزم نے ہاتھ میں کلاشنکوف اٹھارکھی ہے جبکہ اس کا ساتھی بیگ میں شہریوں کے موبائل اور پرس جمع کررہا ہے۔
ملزمان نے بلا خوف و خطر پورے اطمینان کے ساتھ واردات مکمل کی اورباآسانی فرار ہوگئے۔سی سی ٹی فوٹیج میں ملزمان کی شکلیں واضح طور پر نظر آرہی ہیں تاہم واردات کے دو روز بعد بھی ملزمان کو گرفتار نہیں کیاجاسکا۔
۔یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس نے موٹرسائیکل سوار نہتے نوجوان کا تعاقب کرنے کے بعد اسے فلیٹ کی پارکنگ میں گھس کر گولیوں کا نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ گورنر سندھ نے گزشتہ ہفتے سندھ پولیس کے ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز کو قبلہ درست کرنے کیلیے 48 گھنٹے کی مہلت دی تھی۔ تاہم پولیس اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔