این ای ڈی کے طالبعلم کا قاتل مبینہ مقابلے میں ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک

پولیس نے بلال ناصر قتل کیس کے مرکزی ملزم جمعہ خان کی گرفتاری کیلیے جامعہ اردو کے قریب چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ کردی، جمعہ خان ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آگیا، پولیس کا دعویٰ

این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم بلال  ناصر کے قتل کیس کا مرکزی ملزم مبینہ  پولیس مقابلے کے دوران ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق 15 دسمبر کو مسلح ڈاکوؤں نے ضلع شرقی  میں سڑک کنارے شہرام باغ ہوٹل پر بیٹھے افراد سے لوٹ مار کے دوران این ای ڈی کے طالب علم بلال ناصر کو مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔

یہ بھی پڑھیے

این ای ڈی یونیورسٹی کا طالبعلم ڈکیتی مزاحمت پر قتل، ایک ملزم گرفتار

کراچی میں 20 روز کے دوران تیسری بچی زیادتی کے بعد قتل، مبینہ قاتل گرفتار

پولیس کے مطابق ایک ملزم نظام الدین کو 16 دسمبر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم جمعہ خان عرف لالی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ایس ایس پی شرقی کے مطابق پولیس نے آج ایک مخبر کی اطلاع کے ساتھ اردو یونیورسٹی کے قریب جمعہ خان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو اس دوران ملزمان سے مقابلہ ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے پولیس نفری پر   سیدھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ملزم جمعہ خان عرف لالی ایس او شاہ محمد اپنے ساتھی ملزم کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول برآمد ہوا ہے، ملزم جمالی گوٹھ کا رہائشی اور سخت گیر مجرم ہے۔

متعلقہ تحاریر