کوہاٹ پولیس نے کیپٹن بن کر لوگوں کو لوٹنے والے کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا

کوہاٹ پولیس کے مطابق ملزم کانسٹیبل آرمی کا کیپٹن بن کر لوگوں کو نوکریوں کا جھانسہ دے کر پیسے ہتھیاتا تھا۔

کوہاٹ: لوگوں کو نوکریوں کا جھانسہ دیکر لوٹنے والے پولیس کانسٹیبل کو کوہاٹ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ ملزم خود کو آرمی کا کیپٹن ظاہر کرکے لوگوں کو نوکریوں کا جھانسہ دیتا تھا اور پیسے بٹورتا تھا ، ملزم کے قبضے سے فوجی کیپٹن کی مکمل وردی  برآمد کرلی گئی ہے۔ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی یونیورسٹی روڈ پر بنوں پھاٹک کے قریب عمل میں لائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق زیر حراست نوسرباز کانسٹیبل کا تعلق باقی زئی تپی سے ہے ، جس نے ابتدائی پوچھ گچھ میں جعلسازی کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے۔ پکڑے گئے ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

 این ای ڈی کے طالبعلم کا قاتل مبینہ مقابلے میں ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک

کلاشنکوف بردار ڈاکوؤں کی گلشن تھانے کے سامنے ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے لوٹ مار

ڈی پی او کوہاٹ عبدالرؤف بابر قیصرانی نے نوسربازی میں ملوث کانسٹیبل کو فوری طور پر معطل کرکے انکے خلاف محکمانہ کارروائی کا بھی حکم دیے دیا ہے اور پولیس کی اس کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیکر جعلسازی میں ملوث ملزم کو عبرتناک سزا دلانے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ کینٹ قسمت خان نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ یونیورسٹی روڈ پر بنوں پھاٹک کے قریب شاہین چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کی کارروائی میں فوجی کیپٹن کی وردی میں ملبوس موٹر سائیکل سوار پولیس کانسٹیبل صادق الرحمان ولد انور خان سکنہ باقی زئی تپی کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او تھانہ کینٹ کا کہنا ہے ملزم سےبرآمد ہونی والی وردی ، بیجز اور موبائل فون کو تحویل میں لے لیا گیا ۔ موبائل فون سیٹ میں نوکریوں کے جعلی اشتہارات اور پیسے بٹھورنے کے وائس پیغامات بطور ثبوت موجود ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسکے پاس سے ملنے والی فوجی وردی اور نوکریوں کے اشتہارات جعلی ہیں۔ زیر حراست ملزم نے جعلسازی کے ذریعے ریاستی اداروں کی ساکھ کو مجروح کرنے اور دھوکہ دہی سے لوگوں سے پیسے بٹھورنے کے اپنے اس گھناؤنے جرم پر ندامت اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ان جعلی اشتہارات اور کیپٹن رینک کے فوج کی وردی کا استعمال سادہ لوح شہریوں سے پیسے بٹھورنے کیلئے کیا کرتا تھا۔

متعلقہ تحاریر