کراچی میں سال کی پہلی بڑی ڈکیتی، ڈاکو بنگلے سے 60 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

پولیس حکام کے مطابق ڈکیتی کی واردات اس وقت ہوئی جب گھر کے مکین آؤٹ آف سٹی تھے۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں درخشاں تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں نے گھر کا صفایا کردیا ، ڈکیت گھر سے 60 لاکھ روپے سے زائد کی ڈکیتی کرکے فرار ہو گئے۔ نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق پولیس نے گھر کے ملازم کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود میں خیابان مجاہد میں سال کی پہلی بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے ڈاکوؤں نے بنگلے کا صفایا کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کوہاٹ پولیس نے کیپٹن بن کر لوگوں کو لوٹنے والے کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا

کلاشنکوف بردار ڈاکوؤں کی گلشن تھانے کے سامنے ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے لوٹ مار

پولیس کی جانب سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ڈاکو گھر سے چالیس لاکھ سے زائد کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔

پولیس کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے کے متن کے مطابق واردات میں دیگر سامان بھی چوری کیا گیا ہے۔ چوری کے وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا، واردات رات کے اوقات میں سر انجام دی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گھر کے مکین ایک ہفتے سے اسلام آباد گئے ہوئے تھے، گھر کے افراد واپس آئے تو واردات کا معلوم ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں ، ملزمان تک پہنچنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جارہی ہے ، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ گھر کے ایک نوکر گرفتار کرلیا گیا ہے جس سے تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ تحاریر