سی ٹی ڈی سکھر کی خیرپور میں کارروائی ، اسلحے کی فروخت میں ملوث ملزم گرفتار

ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ آن لائن اسلحہ فروخت کرتا ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سکھر نے خیرپور میں کارروائی کرتے ہوئے سندھ اور بلوچستان میں آن لائن خطرناک ہتھیار فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی پولیس سکھر کے ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس کی ٹیم نے خیرپور ضلع کے علاقے میں گشت کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ملزم کی شناخت محمد زبیر ولد رحمان خان پٹھان کے نام سے ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

معروف خاندان کیخلاف تحقیقات کرنے والے افسر کی  پراسرار موت کا معمہ حل نہ ہوسکا

کراچی: شقی القلب باپ نے بیوی سے جھگڑے پر 2 بیٹوں کو سمندر میں پھینک دیا

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے بھاری تعداد میں خطرناک ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں 15 تیس بور کے پسٹل ،ایک رپیٹر ، ایک 44 بور رائفل ، ایک ایم پی 5 رائفل ، 7 نائن ایم ایم پسٹل اور بڑی تعداد میں میگزین شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ سندھ اور بلوچستان میں آن لائن سوشل میڈیا پر خطرناک ہتھیار فروخت کرنے کے کاروبار میں ملوث رہا ہے وہ 2019 میں خاندانی جھگڑوں کی وجہ سے نقل مکانی کرکے خیرپور میں مقیم ہوا تھا اور اس نے 2020 میں خیرپور میں سندھ آرمری آرمس شاپ کے نام سے دکان کھولی تھی اور 2022 میں آن لائن اسلحے کا کاروبار شروع کیا تھا۔

ملزم یہ غیر قانونی اسلحہ پشاور سے ٹرانسپورٹ کے ذریعے منگواتا تھا اور سندھ و بلوچستان میں آن لائن سوشل میڈیا پے اس کی فروخت کرتا تھا۔

متعلقہ تحاریر