فیصل واوڈا کی عجیب و غریب حرکتیں

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے قومی اسمبلی کے رکن ہوتے ہوئے بھی سینیٹ انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کبھی عوامی مقام پر گاڑی لے گئے، کبھی سڑکوں پر موٹر سائیکل پر سیر کرتے ہوئے پولیس کا بھاری پروٹوکول لے گئے، کبھی دہشتگردوں کی فائرنگ کے بعد پستول لے کر جائے وقوعہ پر پہنچے تو کبھی ٹاک شو میں جوتا لے کر بیٹھنے جیسی عجیب و غریب حرکتیں کرتے رہے۔ اب ایک بار پھر انہوں نے قومی اسمبلی کا رکن ہونے کے باوجود بھی سینیٹ انتخاب میں حصہ لینے کا عجیب فیصلہ کیا ہے۔

جمعے کے روز وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ‘پی ٹی آئی نے سینیٹ کی زیادہ نشستوں پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت سے عبدالحفیظ اور فوزیہ ارشد کو امیدوار کے طور پر فائنل کیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا بھی سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیر فیصل واوڈا کے خلاف دوہری شہریت چھپانے کے حوالے سے درخواست زیر سماعت ہے جس میں الیکشن کمیشن وفاقی وزیر پر جرمانہ بھی کر چکا ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کے وکیل سے دوہری شہریت رکھنے سے متعلق جواب طلب کر رکھا ہے۔

فیصل واوڈا پر الزام ہے کہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت انہوں نے دوہری شہریت سے متعلق غلط بیان حلفی جمع کروایا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی کے کچرے کے معاملے پر حکومت بےوقوف بن گئی

شاید فیصل واوڈا سینیٹ انتخاب میں اس وجہ سے حصہ لے رہے ہیں کیونکہ سینیٹر بننے کے بعد انہیں الیکشن کمیشن میں جاری کیسز کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

بہرحال یہ ایک عجیب و غریب فیصلہ ہی ہے کہ کوئی شخص رُکن قومی اسمبلی ہونے کے باوجود بھی سینیٹ انتخابات میں حصہ لے اور فیصل واوڈا اس سے پہلے بھی کئی ایسی حرکتیں کر چکے ہیں جو ایک سیاستدان کی معمولات زندگی سے مختلف ہیں۔

گزشتہ برس فیصل واوڈا نجی ٹی وی اے آر وائی کے ٹاک شو ‘آف دی ریکارڈ’ میں ‘فوجی بوٹ’ لے کر آگئے تھے۔ شو کے دوران انہوں نے اچانک سے جوتا میز پر رکھتے ہوئے کہا کہ ’ اب تو میں ہر پروگرام میں یہ رکھا کروں گا، یہ آج کی جمہوری (ن) لیگ ہے کہ اب لیٹ کے نہیں بلکہ چوم کے بوٹ کو عزت دو۔‘

اس سے قبل 2019 میں پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے انڈین طیارہ مار گرایا تھا اور ابھی نندن کو پکڑا تھا۔ اس واقعے کے بعد فیصل واوڈا انڈین پائلٹ ابھی نندن کے جہاز پر پاکستان کا جھنڈا لے کر کھڑے ہوئے اور خوب تصاویر بنوائیں۔

اسی سال فیصل واوڈا کی ایک تصویر کافی وائرل ہوئی جس میں وہ پیلے رنگ کی اسپورٹس کار میں سوار ہو کر کسی عوامی مقام پر پہنچ گئے تھے۔

فیصل واوڈا کار

جبکہ 2018 میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں کے حملے کی اطلاع ملی تو وزیر فیصل واوڈا خود بھی بلٹ پروف جیکٹ پہن کر اور ہاتھ میں پستول لے کر پہنچ گئے تھے۔

ان ہی دنوں فیصل واوڈا پولیس کی گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موٹر سائیکل پر سیر کرنے نکلے تھے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

متعلقہ تحاریر