مافیا کا رکن کھانا بناتے ہوئے ٹیٹو کی مدد سے گرفتار
53 سالہ ملزم مارک فیرن کلائڈ بائرٹ گذشتہ 7 برسوں سے جمہوریہ ڈومنیکن میں روپوشی کی زندگی گزار رہے تھے
جمہوریہ ڈومنیکن کی پولیس نے اٹلی کے بدنام زمانہ مافیا کے سرگرم رکن کو یوٹیوب چینل پر کھانے بناتے ہوئے ٹیٹو کی مدد سے گرفتار کرلیا ہے۔
جمہوریہ ڈومنیکن کی پولیس کا کہنا ہے کہ ’ملزم مارک فیرن کلائڈ بائرٹ 2014 میں اٹلی کی مقامی پولیس کے ہاتھوں سے فرار ہوگئے تھے اور گذشتہ 7 سالوں سے اٹلی کی پولیس اور انٹرپول کو مطلوب تھے۔‘
پولیس کے مطابق ملزم مارک فیرن کلائڈ بائرٹ کی اہلیہ نے یوٹیوب پر کھانے پکانے کی تراکیب کا چینل شروع کر رکھا تھا جس پر ملزم اطالوی کھانوں کی تراکیب بتاتا تھا۔ ملزم مارک فیرن کلائڈ بائرٹ یوٹیوب پر کھانے پکانے کے دوران اپنا چہرہ چھپانے کا بھرپور اہتمام کرتے تھے۔ لیکن اپنے جسم پر بنائے ہوئے ٹیٹو چھپانا بھول گئے (جو ان کی اہم شناختی علامات تھی) جس کے ذریعے ان کی گرفتاری ممکن ہوئی۔
اطالوی پولیس کا کہنا ہے کہ ’مارک فیرن کلائڈ بائرٹ 19ویں صدی سے اٹلی کے بدنام زمانہ مافیا ’درنگیتا‘ کے فعال رکن ہیں۔ اس مافیا کا تعلق جنوبی اٹلی کے جزیرہ نما علاقے کلابریا سے ہے۔‘
اطالوی پولیس کے مطابق ملزم مارک فیرن کلائڈ بائرٹ نیدر لینڈز سے کوکین کی اسمگلنگ کے جرم میں 2014 میں گرفتار ہوئے تھے۔ 53 سالہ ملزم مارک فیرن کلائڈ بائرٹ گذشتہ 7 برسوں سے جمہوریہ ڈومنیکن میں روپوشی کی زندگی گزار رہے تھے جسے وہاں کے لوگ مارک کے نام سے جانتے تھے۔ وہ اپنی شناخت چھپانے کے لیے مقامی اطالوی کمیونٹی سے بھی دور رہتا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
شہزادہ ولیم نے ’گنجے سیکسی شخصیت‘ کا اعزاز حاصل کرلیا
اطالوی پولیس کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس انٹیلی جنس رپورٹس تھیں کہ ملزم مارک فیرن کلائڈ بائرٹ کی بیوی نے یوٹیوب پر چینل شروع کررکھا ہے جس کی وجہ سے ہم نے یوٹیوب چینل پر نظر رکھنا شروع کردی تھی۔
جمہوریہ ڈومنیکن کی پولیس نے گرفتار ملزم مارک فیرن کلائڈ بائرٹ کو اٹلی منتقل کردیا ہے۔ ملزم کی بیوی نے یوٹیوب چینل رواں برس ہی شروع کیا تھا تاہم مارک کے زیر حراست رہنے تک اس کی بیوی کا یوٹیوب چینل بھی بند کردیا گیا ہے جس پر دکھنے والے ٹیٹو کی مدد سے مارک کو گرفتار کیا گیا تھا۔