فواد چوہدری ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں
اس سے قبل وزیر اطلاعات رہتے ہوئے فواد چوہدری غیر منطقی بیانات دے کر کئی غلطیاں کر چکے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو ایک مرتبہ پھر وزیر اطلاعات کی اضافی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ اس سے قبل وزیر اطلاعات رہتے ہوئے فواد چوہدری نے کئی غیر منطقی اور بے تکے بیانات دے کر کئی غلطیاں کی ہیں۔
فواد چوہدری اس سے قبل بھی اگست 2018 سے اپریل 2019 تک وزیر اطلاعات رہ چکے ہیں جبکہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان بھی تھے۔
اگست 2018 میں ہی سوشل میڈیا پر ایک ہیلی کاپٹر کی ویڈیو گردش کر رہی تھی جس کے ساتھ لکھا گیا تھا کہ ’یہ ہیلی کاپٹر آج کل وزیراعظم عمران خان کو لانے اور لے جانے کے لیے آتا ہے۔‘ جس کے ردعمل میں فواد چوہدری نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
اشتہارات روایتی سے ڈجیٹل میڈیا کی طرف جائیں گے،فواد چوہدری
یہ بے تکا بیان آج تک سوشل میڈیا اور نجی محفلوں میں مذاق کا استعارہ بنا ہوا ہے۔ یہ ایک ایسا بیان تھا جس کی بچے بچے نے ہنسی اڑائی اور سنجیدہ افراد نے تنقید کی کہ ملک کا وزیر اطلاعات ایسی غیر منطقی بات کیسے کر سکتا ہے۔
2019 میں جب انڈین وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان میں ہندو لڑکیوں کے اغواء کا معاملہ اٹھایا تو فواد چوہدری نے پاکستان کی طرف سے ردعمل ظاہر کیا۔ اپنے ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے پاکستان کا املا ہی غلط ’پاکستِن‘ لکھ دیا تھا۔ فواد چوہدری نے اپنا ردعمل لکھ کر شاید ایک بار پڑھنا بھی گواراہ نہیں کیا تھا کیونکہ اس ٹوئٹ کی تصحیح نہیں کی گئی تھی اور نہ ہی اسے حذف کیا گیا تھا۔ پاکستان کے غلط املا کے ساتھ لکھا گیا فواد چوہدری کا یہ ٹوئٹ آج تک موجود ہے۔
Mam its Pakistin internal issue and rest assure its not Modi’s India where minorities are subjugated its Imran Khan’s Naya Pak where white color of our flag is equally dearer to us.I hope you ll act with same diligence when it comes to rights of Indian Minorities https://t.co/MQC1AnnmGR
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 24, 2019
اس کے علاوہ بھی فواد چوہدری وزیر اطلاعات رہتے ہوئے کئی غیرمنطقی بیانات دے چکے ہیں جس کی وجہ سے ان پر تنقید کی گئی تھی۔
اگست 2018 سے اپریل 2019 تک وزیر اطلاعات رہنے کے بعد فواد چوہدری سے وزارت واپس لے کر فردوس عاشق اعوان کو اطلاعات و نشریات کے لیے وزیر اعظم کی معاون خصوصی بنادیا گیا تھا۔ جبکہ فواد چوہدری سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت سونپ دی گئی تھی۔
فواد چوہدری کے پاس اس وقت سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت موجود ہے جس میں وہ کافی فعال ہیں۔ 2019 میں فواد چوہدری نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک عجیب و غریب بیان دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے خلاء میں جو دنیا کا سب سے بڑا ٹیلی اسکوپ بھیجا ہے اسے سپارکو نے بنایا تھا۔
اگر غیرمنطقی اور عجیب و غریب بیانات دینے جیسی غلطیاں کرنے کے علاوہ دیکھا جائے تو فواد چوہدری پاکستان میں ٹیکنالوجی کی دنیا سے کئی اہم ایجادات لائے ہیں۔ قمری مہینوں کے اعلان کے سلسلے میں وہ میڈیا کی زینت بنے رہے اور پھر قمری تاریخوں کے لیے رویت ایپ بھی متعارف کروائی۔
Ruet App is now available for Iphone users Link to app: https://t.co/KPpFH7GakY download n see moon and other planets on your phone
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 9, 2021
کرونا کی وباء پھیلنے لگی تو انہوں سینیٹائزر، ٹیسٹنگ کٹس اور وینیٹی لیٹر پر کام کیا۔
ہمیں پاکستانی اداروں اور پروفیشنلز پر فخر ہونا چاہئے جس طرح کرونا بحران میں انھوں نے کر دکھایا ہے، ہم آج Sanitizer ایکسپورٹ کرنے کی پوزیشن میں ہیں، ماسک ہم اپنے بنا رہے ہیں حتیٰ کہ N95 ماسک بھی بنانے کے بہت قریب ہیں، ڈاکٹرز کے دستانے، ڈاکٹرز کے لباس ہم نے اپنے بنائے ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 19, 2020
ملک میں جانبدار انتخاب کا شور مچا تو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی حیثیت سے فواد چوہدری کی زیرنگرانی پاکستان میں ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) بنائی گئی۔ اس مشین کا عملی مظاہرہ فواد چوہدری نے خود وزیراعظم کے سامنے کر کے دکھایا۔
وزیر اعظم عمران خان کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ
وزیرِ برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد نے وزیرِ اعظم کو کامسیٹس اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس کی جانب سے تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین، ووٹنگ کے طریقہ کار اور مشین کے مختلف فیچرز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ pic.twitter.com/zrWzKo9Rwz— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) March 31, 2021
حال ہی میں سینیٹ انتخاب کے دوران خفیہ کیمروں کا انکشاف ہوا تو فواد چوہدری نے مزید وضاحت کی تھی کہ خفیہ کیمرے کس شکل میں ہوسکتے ہیں۔
This is one example of Spy Camera the camera can be fitted in a head of nail even,detection of such cameras is impossible, in all likelihood CCTV Camera cable is misunderstood as spy camera pic.twitter.com/KPu8a2RCpA
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 12, 2021
اس سے قبل جب وہ وزیر اطلاعات تھے تو انہوں نے پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کو ڈجیٹیلائز کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔ اور ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلیویژن کو فعال اور متحرک کرنے کا بیڑہ بھی اٹھایا تھا تاہم وہ کام ملازمین کے احتجاج کی نذر ہو گیا تھا۔
فواد چوہدری کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں ایک مرتبہ پھر وزیر اطلاعات بنادیا گیا ہے۔ اس مرتبہ عوام کو امید ہے کہ فواد چوہدری وزارت اطلاعات میں بھی اس سطح پر کام کریں گے جس طرح وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں کیا ہے اور ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔