کراچی کا مزدور کروڑپتی بننے سے پریشان

دیہاڑی دار مزدور بھی منی لانڈنگ کے الزامات کی زد میں آگیا۔

کراچی کا دیہاڑی دار مزدور اچانک کروڑ پتی بن گیا۔ نیب کا نوٹس ملنے پر مزدور محمد اکبر پریشانی کا شکار ہوگیا۔ منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کے لیے نیب نے طلب کرلیا۔

کراچی میں شیٹرنگ کا کام کرنے والا دیہاڑی دار مزدور بھی منی لانڈنگ کے الزامات کی زد میں آگیا۔ نیب راولپنڈی کا نوٹس کراچی گجر نالے کے رہائشی مزدور اکبر کے گھر پہنچا تو اس کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ نوٹس میں اکبر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے منی لانڈرنگ کرکے جاپان سے چوری شدہ 200 گاڑیاں پاکستان منتقل کی ہیں۔ نیب کے نوٹس میں لکھا ہے کہ گاڑیاں اس وقت بھی اکبر کے زیر تصرف ہیں۔

دوسری جانب محنت کش اکبر کا اپنی صفائی میں کہنا ہے کہ وہ موسم کی پرواہ کیے بغیر محنت مزدوری کرکے اپنا اور اہلخانہ کا پیٹ پالتا ہے۔ اکبر کے مطابق جاپان کا نام اس نے سنا ضرور ہے مگر کبھی زندگی میں اس نے جاپان کا سفر تک نہیں کیا۔ محمد اکبر گجر نالے کے کنارے تین کمروں پر مشتمل گھر میں رہائش پذیر ہے۔ محمد اکبر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے زندگی کے 17 برس سعودی عرب میں رہ کر محنت مزدوری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نیوز چینلز معذور بےروزگار شخص کی آواز نہ بن سکے

محمد اکبر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کی جیب میں اسلام آباد کا سفر کرنے کے لیے کرایہ تک موجود نہیں ہے۔ اکبر نے بتایا کہ نیب کے نوٹس پر درج ٹیلی فون نمبرز پر کئی مرتبہ رابطے کیے مگر کال نہیں اٹھائی گئی۔ محمد اکبر نے نیب سے معاملے کی شفاف تحقیقات کرانے کی درخواست کی ہے۔

محمد اکبر کے مطابق وہ کسی غیر قانونی فعل میں ملوث نہیں اور قومی احتساب بیورو سمیت تمام اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔غریبوں کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے ذمہ داروں کے خلاف موثر کارروائی کی جانی چاہیئے۔

متعلقہ تحاریر