بیروزگاری میں اضافہ، افغان شہری ٹھیلے لگانے پر مجبور
یہاں کچھ نہیں بچا، ہر آدمی ٹھیلہ لگا رہا ہے کیونکہ لوگوں کے پاس اس کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں، شہری
غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے افغانستان کے دارالحکومت کابل کی گلیوں میں پتھارے والوں کی تعداد میں بہت اضافہ ہوگیا ہے۔ ٹھیلے لگانے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے گھر والوں کے لیے روٹی کی تلاش میں کچھ نہ کچھ تو کرنا ہے اور ملک میں کوئی ملازمتیں نہیں ہیں۔
ایسے ہی ایک ٹھیلہ لگانے والے محمد سلیم نے طلوع نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہاں کچھ نہیں بچا، ہر آدمی ٹھیلہ لگا رہا ہے کیونکہ لوگوں کے پاس اس کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں’۔
یہ بھی پڑھیے
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 دھماکے، 19 افراد جاں بحق
اب افغانستان میں ڈالر نہیں چلے گا، طالبان نے پابندی لگادی
دوسری طرف کابل کے کئی رہائشیوں نے سڑک کے کناروں پر بڑھتے ہوئے پتھاروں کی وجہ سے ٹریفک اور رش کی شکایت کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی وجہ سے سڑک بلاک ہورہی ہے اور بھیڑ لگ رہی ہے۔
ایک شہری شیر محمد نے کہا کہ پتھارے داروں کے لیے مناسب جگہ ہونی چاہیے تاکہ وہ اپنا کاروبار کرسکیں اور سڑکیں بلاک نہ ہوں۔
کابل میونسپلٹی کے عہدیداران نے کہا ہے کہ وہ پتھارے داروں سے فٹ پاتھوں کو صاف کروانے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں مناسب جگہ پر بھیجا جائے گا۔
کابل کے نائب ناظم حمداللہ نیمانی نے کہا کہ سرسبز قطعوں کے طور پر اعلان کردہ علاقوں کے پتھارے داروں کے لیے ملازمتیں فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ وہ وہاں کام کرسکیں اور شہر بھی صاف رہے۔