پاکستان کو سعودی عرب سے تین ارب ڈالرموصول ہو گئے، مشیر خزانہ

سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک کے درمیان 3 ارب ڈالر قرض ڈپازٹ معاہدے پر دستخط ہوئے تھے

مشیرخزانہ شوکت ترین نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے پاکستان کے لیے اقتصادی امدادی پیکج کے حصے کے تین ارب ڈالر  پاکستان کوموصول ہوگئے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیربرائے خزانہ شوکت ترین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستانیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے  تین ارب ڈالر ڈپازٹ کے طورپردئیے ہیں جو اسٹیٹ بینک کو موصول ہوگئے ہیں۔ مشیر خزانہ شوکت ترین نے ڈپازٹ کی رقم موصول ہونے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اورسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیاہے۔

یہ بھی پڑھیے

مہنگائی کم ہوجائے گی، بس قوم نے گھبرانا نہیں ہے، شوکت ترین

مشیر خزانہ شوکت ترین نے دی نیوز کی خبر کی تردید کردی

چند روز قبل سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان تین ارب ڈالر قرض ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے، معاہدے کے تحت سعودی فنڈ  کو اسٹیٹ بینک کے پاس 3 ارب ڈالر رکھوانے تھے جو اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائرکا حصہ ہوں  گے ، بینک حکام کے مطابق سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے اس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات ہونگے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو اس وقت بڑھتے ہوئے معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے،ملک میں افراطِ زرمیں اضافہ ہورہا ہے،کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھتا جارہا ہے اورغیرملکی زرمبادلہ کے ذخائراورکرنسی کی قدر میں کمی واقع ہورہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے مشیرخزانہ شوکت ترین نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’میں عزت مآب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مملکت سعودی عرب کا خیرسگالی کے اس اظہار پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

متعلقہ تحاریر