سکھر انتظامیہ کی غفلت: ازسرنو تعمیر شدہ پارکس اجڑنے لگے
شہری اور سماجی حلقوں نے شہر میں قائم پارکس کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سکھر انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے خطیر رقم سے تعمیر ہونے والے تفریحی پارکس اجڑنے لگے ، پاک کالونی پارک خستہ حالی کا شکار، ٹوٹ پھوٹ و ناقص انتظامات کے سبب لوگ آنے سے گریزاں، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تفریحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں قائم تفریحی پارک اجڑنے لگ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
محکمہ انسداد تجاوزات کا کراچی سے تجاوزات ختم کرنے کا مشن جاری
سندھ ہائیکورٹ کا غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم
محمد بن قاسم پارک ، لب مہران اور لطیف پارک سمیت دیگر علاقوں میں خطیر رقم سے ازسرنو تعمیر شدہ بچوں کے جھولوں سمیت چار دیواری بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار دیکھائی دی رہی ہے، جبکہ تفریحی مقامات پر ناقص انتظامات کے سبب گندگی کے ڈھیر بھی انتظامیہ کی کارکردگی کا ثبوت پیش کررہے ہیں۔
گذشتہ سال خطیر رقم سے محمد بن قاسم تفریحی پارک کی تزئین و آرائش کی گئی تھی لیکن افسوس متعلقہ محکموں کی عدم توجہی کے باعث پارک کی چار دیواری سمیت لگائے جانے درخت و پودے بھی اکھڑ چکے ہیں جبکہ تزئین و آرائشی سامان بھی کوڑے دان میں تبدیل ہو رہا ہے۔
پارک کی اس خستہ حالی کو دیکھتے ہوئے شہری و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھر میں تفریحی پارک کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لیکر عوام کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔