اب کشمیر کی آزادی کیلئے سیمینار سے آگے سوچنا ہوگا، ایم پی اے راجہ اظہر

رہنما پی ٹی ائی کا کہنا ہے ہم سب سیاسی و سماجی تنظیموں کو کشمیر کیلئے تاریخی احتجاج کرنا ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کہا ہے کہ ماضی میں مسئلہ کشمیر پر عالمی سطح پر بہت سیاست ہوئی، اب ہمیں بھی کشمیر کی آزادی کیلئے سیمینار سے آگے سوچنا ہوگا۔

آرٹس کونسل کراچی میں یوم یکجہتی کشمیر کی  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ بھارت سرکار نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی داستانیں رقم کردیں ہیں۔ بھارت کے ظلم پر عالمی طاقتیں خاموش ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہمشیہ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا عامر لیاقت حسین اگلا سیاسی پڑاؤ تحریک لبیک ہوگا؟

جماعت اسلامی کے بعد سندھ حکومت کو پی ایس پی اور ایم کیو ایم کے دھرنوں کا سامنا

انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر کشمیری قوم کا ماننا ہے کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر سے یکجہتی کیلئے پاکستانی قوم ہمیشہ یکجا ہوجاتی ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں غیر کشمیریوں کو آباد کررہا ہے، اب ہمیں کشمیر کی آزادی کیلئے سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

ایم پی اے راجہ اظہر کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب سیاسی و سماجی تنظیموں کو کشمیر کیلئے تاریخی احتجاج کرنا ہوگا، لاکھوں کشمیری بھائیوں نے جان کا نذرانہ دیدیا، اس مسئلہ کا حل نکالنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج  خود کو خوش قسمت اور خود پر فخر محسوس کررہا ہوں، سندھ اسمبلی میں ہر زبان اور صوبے سے تعلق رکھنے والے نمائندے موجود ہیں، سندھ دھرتی نے تمام زبانوں کو جوڑا ہوا ہے۔

متعلقہ تحاریر