لانگ مارچ ضرور ہوگا دھرنے کا فیصلہ بلاول بھٹو کریں گے، سید خورشید شاہ

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا ہے لانگ مارچ کے شرکاء کا سکھر میں شاندار استقبال کیا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے ہم موجودہ حکومت کے خلاف 27 فروری کو ضرور لانگ مارچ کریں گے اور لانگ مارچ کراچی سے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمدشاہ کے زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر لانگ مارچ کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا ایک اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ ،امتیاز شیخ ،مکیش کمار چاولہ ،پیپلزپارٹی سکھر ڈویژن کے صدر انور خان مہر ،ایم این اے نعمان اسلام شیخ ،ایم پی اے سید فرخ شاہ ،سید زیرک شاہ ،وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی ارسلان شیخ ،پیپلزپارٹی سٹی سکھر کے صدر مشتاق سرہیو و دیگر نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کے باوجود بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ

علی امین گنڈاپور کے بھائی تحصیل میئر کے الیکشن کیلئے نااہل قرار

اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے گفتگو کی گئی اجلاس کو بتایا گیا کہ لانگ مارچ کا سکھر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا اور پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو سکھر میں جلسے سے خطاب کریں گے جبکہ لانگ مارچ سکھر میں رات قیام کے بعد دوسرے دن رحیم یار خان کے لیے روانہ ہوگا۔

اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی رہنما سیدخورشید احمد شاہ نے صوبائی وزیر ناصر شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ ضرور ہوگا اور جو ستائیس فروری کو کراچی سے شروع ہوگا اور دس مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا تاہم دھرنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا یہ فیصلہ بلاول بھٹو یا پارٹی کرے گی۔

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم لانگ مارچ کے شرکا کا سکھر میں شاندار استقبال کریں گے۔ بلاول بھٹو سکھر میں جلسے سے بھی خطاب کریں گے،لانگ مارچ ضرور ہوگا دس مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ ان شاء اللہ لانگ مارچ کے لاہور پہنچنے سے قبل ہی حکومت کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا اگر عمران خان یہ کہہ رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی دھرنا نہیں دے گی تو وہ درست کہہ رہے ہونگے ان کو پتہ ہوگا کہ وہ دھرنے سے پہلے چلے جائیں گے شکرہے کہ کم سے کم عمران خان نے اس بات پر یوٹرن نہیں لیا ہے۔

متعلقہ تحاریر