انسداد پولیو مہم کو ہرصورت کامیاب بنائیں گے، ڈپٹی کمشنر پاکپتن
احمر سہیل کیفی نے کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے اور تمام متعلقہ محکمے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمر سہیل کیفی نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں، انسداد پولیو مہم کے دوران مائیکرو پلان پر 100 فیصدعمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، تمام متعلقہ ادارے ایس او پیز کی طرز پر اقدامات کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو مہم کے انتظامات سے متعلق بلائے گئے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد احمد شہزاد، ڈی او ہیلتھ داکٹر ریاض احمد، ورلڈ ہیلتھ آرگنائز یشن کے نمائندے ڈاکٹر ناصر،یو نیسیف کے نمائندے رانا مختار احمد، اے ڈی ایڈمن ایجو کیشن اسامہ حبیب بلوچ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے
لمبے بالوں کی خواہش ، لاہور کی لڑکی اصل بالوں سے بھی محروم ہو گئی
ڈاکٹر امجد ثاقب ہیرا منڈی لاہور کی 8 سالہ بچی ماہی کیلئے فکر مند
سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد احمد شہزاد نے اجلاس کوانسداد پولیو مہم کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کا آغاز28 فروری سے ہوگا اور 4 مارچ تک جاری رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے اور تمام متعلقہ محکمے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ علماء کرام، اساتذہ کرام، سول سوسائٹی کے ممبران انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔