پی ایس ایل 7 میں سلطانز کو پہلی شکست، قلندرز نے کراچی ہار کا بدلہ چکا دیا

پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کے دو مرحلے کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے ایونٹ کی اب تک کی ناقابل شکست ٹیم ملتان سلطانز کو شکست سے دوچار کرکے کراچی کا بدلہ چکا دیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم ابتداء ہی میں لاہور قلندرز کو نقصان اٹھانا پڑا جب عبداللہ شفیق 4 کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

ایرن ہالینڈ قذافی اسٹیڈیم کے نئے کمنٹری باکس کی گرویدہ

لاہور کے میدان میں ملتان سلطانز کی فتح، زلمی کی ٹیم پسپا

بعد میں آنے والے کھلاڑی کامران غلام نے فخر زمان کے ساتھ مل کر شاندار کھیل پیش کیا اور گراؤنڈ کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیلے ۔ 91 کے مجموعی اسکور پر لاہور قلندرز کی دوسری وکٹ گری جب کامران غلام 38 گیندوں پر 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی تیسری وکٹ 118 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب فخر زمان 37 گیندوں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

178 رنز پر لاہور قلندرز کی چوتھی وکٹ گری جب محمد حفیظ 29 گیندوں پر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنا کر ملتان سلطانز کو 183 رنز کا ہدف دیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے انور علی ، شاہنواز دھانی ، عباس آفریدی اور عمران طاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کے دیئے گئے ہدف کے جواب میں ملتان سلطانز کا کوئی بھی بلے باز قلندرز کے باؤلرز کا سامنا نہ کرسکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں، اور ساری ٹیم 19.3 اوورز میں 130 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 21 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ شاہین  شاہ آفریدی ، حارث رؤف اور راشد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ تحاریر