ایس آئی یو ٹی میں پہلے روبوٹک سرجری اینڈ ٹریننگ سینٹر کا افتتاح

روبوٹک سرجری سے انسانی جسم میں درد کم ہوتا ہے، خون کا ضیاع کم ہوتا ہے اور انفیکشن کے امکانات کم ہوتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایس آئی یو ٹی (SIUT) میں پہلے روبوٹک سرجری اینڈ ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کردیا ہے۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے روبوٹک سرجری سے جراحی کے شعبے میں ایک انقلاب برپا ہو جائے گا۔

روبوٹک سرجری کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ روبوٹ کے ذریعے انسان کے جسم کے ان باریک اعضا کی سرجری بھی کرسکتے ہیں جہاں سرجن کے ہاتھ نہیں پہنچ سکتے۔

یہ بھی پڑھیے

خاتون نے مرتے ہوئے شوہر کو بچانے کیلیے اپنا جگر دے دیا

پاکستان ایڈز کے مرض میں ایشیاء میں پہلے نمبر پر آگیا

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس مصنوعی انٹیلیجنس کو چلانے کیلئے بہترین سرجن کا ہونا لازمی ہے، ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری کے ذریعے یورولاجی کے ساتھ دیگر سرجریز بھی ہوسکیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ * حکومت سندھ نے پہلی مرتبہ 2017 میں SIUT اور سول اسپتال میں روبوٹ سرجری کا سسٹم خریدا تھا، اس روبوٹک سرجری کا نام دنیا کے مشہور مصور دی ونچی (Da Vinchi) سے منسوب ہے۔

انہوں نے کہا کہ دی ونچی کے ہاتھ نفاست کے ساتھ رنگوں سے کھیلتے تھے، اب اس ربوٹ کے ہاتھ انسانی اعضا کی جراحی نفاست سے کرینگے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت تک SIUT میں ایک ہزار سرجریز ہوچکی ہیں، انہوں نے کہا کہ SIUT کو ہدایت کی ہے کہ روبوٹک سرجیکل ٹریننگ سینٹر قائم کریں، اس سینٹر سے نئے سرجن صوبےسمیت ملک بھر میں جدید سرجری سے کام کرسکیں۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ روبوٹک سرجری سے انسانی جسم میں درد کم ہوتا ہے، خون کا ضیاع کم ہوتا ہے اور انفیکشن کے امکانات کم ہوتے ہیں، روبوٹ سرجری بہت جلد ہوتی ہے اور مریض جلد صحتیاب ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر ادیب رضوی اور اس کی ٹیم کو روبوٹک سسٹم لگانے پر مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا ہم مخیر حضرات بشمول بشیر داؤد اور SIUT North America کے شکرگزار ہیں،  جنہوں نے ہمیشہ فلاحی کاموں میں ہمارے ہاتھ بٹائے ہیں، مجھے فخر ہے کہ سندھ حکومت نے پورے ملک میں روبوٹک سرجری میں پہل کی ہے۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ادیب رضوی ہمارا  اثاثا ہے ، بیمار انسانوں کی خدمت کی دنیا میں بہت کم مثالیں ہیں، ڈاکٹر ادیب رضوی جس کام کی پہل کرتے ہیں مخیر حضرات ان کے پیچھے لائن لگاتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر