پی ٹی آئی سندھ میں پھوٹ پڑگئی، حلیم عادل شیخ مستعفی

پی ٹی آئی سندھ میں پھوٹ پڑ گئی ، پارٹی کی نئی صوبائی کابینہ اور ضلعی عہدیداران کے ناموں کا اعلان ہوتے ہی استعفوں کی لائن لگ گئی۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی اور سینئر نائب صدر تحریک انصاف سندھ حلیم عادل شیخ اور نائب صدر علی جونیجو نے صوبائی صدر سے اختلافات کے بعد اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا۔ صوبائی صدر علی زیدی کو پی ٹی آئی سندھ میں پھوٹ کا ذمے دار قرار دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بلاول بھٹو نے 27 فروری کے لانگ مارچ کے پلان کی منظوری دیدی
حکومتی اتحادی اپوزیشن سے مستقبل کا گیم پلان پوچھنے لگے
تحریک انصاف سندھ کی صوبائی کابینہ اور ضلعی عہدیداران کی تعیناتی کا اعلامیہ آج ہی جاری ہوا تھا۔ حلیم عادل شیخ نے صوبائی صدر علی زیدی کو ارسال کردہ اپنے استعفے میں موقف اپنایا ہے کہ پارٹی کاسینئر نائب صدر نامزد کرنے پر آپ کا شکر گزار ہوں لیکن آپ کی اطلاع کیلیے عرض ہے کہ میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اوراس سے بڑھ کر پارٹی کارکن کے طور پر سندھ بھر میں آمدو رفت مجھے بے حد مصروف رکھتی ہے،اس مصروفیت کی وجہ سے میں سینئر نائب صدر کے عہدے سے انصاف نہیں کرپاؤں گا لہٰذا میں پارٹی عہدے سے استفیٰ دے رہا ہوں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مستعفی ارکان کو پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کی پالیسیوں سے اختلاف ہے۔یاد رہے کہ علی زیدی کو پی ٹی آئی سندھ کا صدر بنائے جانے کے بعد متعدد اختلافات سامنے آچکے ہیں۔واضح رہے کہ حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف سندھ نے 27 فروری کو سندھ حکومت کیخلاف روہڑی تا کراچی ٹرین مارچ کرنے کا اعلان کررکھا ہے تاہم پارٹی کی صوبائی قیادت میں پھوٹ پڑنے کے بعدمارچ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔