آسٹریلوی ٹیم کا دورہ، پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ قابل مذمت ہے، فنکشنل لیگ

سید شفقت علی شاہ کا کہنا ہے پیپلز پارٹی اب نظریاتی لیڈران کی نہیں بلکہ زرداری ٹولے کی یرغمال جماعت بن چکی ہے۔

سکھر: پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی رہنما سید شفقت علی شاہ نے کہا ہے کہ ایک طرف آسٹریلیا ٹیم کی 1998 کے بعد پہلی بار پاکستان آمد اور کھیلنا ملک کے لیے اعزاز اور دشمنوں کے جھوٹے پروپیگینڈا کےخلاف جیت ثابت ہوگی وہیں اس دوران پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ ایسے بہتر ماحول کو سبوتاذ کرنے کی کوشش ہے۔

سید شفقت علی شاہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی ٹریکٹر ریلی، مہنگائی مارچ کی ناکامی کے بعد اب لانگ مارچ کا ناکام ڈرامہ کر رہی ہے،  جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی ناکامی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اپوزیشن پی ٹی آئی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے میں کنفیوژن کا شکار

پی ٹی آئی حکومت کا انتخابی اصلاحات سے متعلق نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے، عوام کی عزت ، آبرو ،جان اور مال بھی محفوظ نہیں ہے۔

بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سندھ کی بیٹیوں کو قتل کیا جاتا ہے مگر یہ ناکام حکومت اسکو خودکشی قرار دیتی ہے، اربوں کھربوں ملنے کے باوجود سندھ کے شہروں کو کھنڈر بنا دیا گیا ہے۔

سید شفقت علی شاہ نے سندھ حکومت کے دعوؤں کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں غریبوں کو دوائیاں نہیں مل رہی ہیں، نہ ہی اسپتالوں میں مریضوں اور عوام کو کوئی بھی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ اب عوام جان چکی ہے کہ  کس طرح پیپلزپارٹی مافیا نہ سندھ کی عوام کا خون پیا ہے اور پیپلز پارٹی اب نظریاتی لیڈران کی نہیں بلکہ زرداری ٹولے کی یرغمال جماعت بن چکی ہے جس کا کام صرف لوٹنا ہے اس کا عوام اور عوامی مسائل سے دور دور تک کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

متعلقہ تحاریر