اسلام آباد اور راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے سالانہ انتخابات مکمل

اسلام آباد ہائی کورٹ بار سے محمد شعیب شاہین ایڈووکیٹ صدر جبکہ راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں طلعت محمود زیدی صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں محمد شعیب شاہین ایڈوکیٹ صدر اور سعد احمد راجپوت ایڈوکیٹ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ، جبکہ راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ طلعت محمود زیدی صدر اور ملک خرم شہزاد جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 23-2022 ہوئے ، جن میں محمد شعیب شاہین ایڈوکیٹ نے 816 ، نائب صدر کی نشست پر سردار نجم عباس نے 1019 ، جنرل سیکرٹری کی نشست پر سعد احمد راجپوت نے 763 ، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر محمد سہیل خورشید نے 720 ووٹ حاصل کئے جبکہ فنانس سیکرٹری کی نشست پر بشریٰ چشتی راجہ 748 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں۔

یہ بھی پڑھیے

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ اور شاندار چائے کے تین سال مکمل

لاہور ہائی کورٹ بار کے انتخابات، سردار اکبر ڈوگر صدر منتخب

اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2290 تھی جن میں سے 1587 وکلاء ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ طلعت محمود زیدی صدر اور ملک خرم شہزاد جنرل سیکرٹری منتخب کرلئے گئے، نائب صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی کی پانچ نشستوں سمیت آٹھ عہدوں پر امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔

 ہائی کورٹ بار کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وکلا ووٹرز نے بائیو میٹرک کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کیا۔ پانچ ہزار سے زائد رجسٹرڈ  ووٹروں میں سے 2274  وکلا نے ووٹ ڈالے۔

طلعت محمود زیدی  1263ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے، سینئر نائب صدر کی نشست پرملک مبشر نذر 1492ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ،جنرل سیکرٹری کی نشست پر تین امیدواروں کے درمیان مقابلے کے بعد ملک خرم شہزاد 904ووٹ لے کر منتخب قرار پائے۔  جوائنٹ سیکریٹری کی نشست پر ارسلان بنیامین بھٹی 1326ووٹ لے کر منتخب کرلئے گئے۔

 نائب صدر کی نشست پرخاتون امیدوار نبیلہ رباب، ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پرخاتون امیدوارحنا نعمان، لائبریری سیکرٹری کی نشست پر راجہ بابر رزاق کے علاوہ ایگزیکٹو کمیٹی کی پانچ نشستوں پر عاصمہ ڈار، نین تارا طارق اور محمد یاسر عباسی کے علاوہ میاں حبیب الرحمان (اٹک)، مصباح جہانگیر کیانی (جہلم) پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر