پاکستان اس سال ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل آئے گا، شوکت ترین
وفاقی وزیر خزانہ نےکہا ہے کہ بہترین کارکردگی کے باوجود فائنینشل ایکشن ٹاسک فورس نے غیرملکی طاقتوں کے کہنے پر پاکستان کے خلاف فیصلہ دیا۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان اس سال فائنینشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر خزانہ نے خلیج ٹائم کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ انسداد منی لانڈرنگ کے لیے پاکستان کی کارکردگی پہلے سے بہت بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیے
انسداد کرونا ویکسی نیشن مہم میں ایک اور سنگ میل عبور
پاکستان کے سابق صدر محمد رفیق تارڑ 92 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف نے بھی اعتراف کیا کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 اہداف حاصل کیے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 27 میں سے 26 اہداف پر گرے لسٹ میں رکھنا بلاجواز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلی کارکردگی پر پاکستان کا حق تھا کہ اسے گرے لسٹ سے نکالا جائے۔
ایف اے ٹی ایف پر الزام رکھتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کے معاملے میں میرٹ پر فیصلہ نہیں کیا، ایف اے ٹی ایف نے پاکستان مخالف لابی کے دباؤ میں فیصلہ کیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی کارکردگی کے برخلاف سیاسی فیصلہ کیا، پاکستان سے متعلق فیصلہ کرتے وقت ایف اے ٹی ایف نے انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشکل ترین حالات میں ایف اے ٹی ایف کے دیئے ہوئے اہداف حاصل کیے، مگر کچھ طاقت ور ملک پاکستان کے معاملے ایف اے ٹی ایف کے فیصلے پر اثرانداز ہوئے۔